ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال

ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال

گلیشیئر پگھلنے سے گلگت کے علاقے رحیم آباد کے برساتی نالے میں سیلاب سے زرعی زمینیں زیر آب آگئیں
ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال

Webdesk

|

6 Aug 2024

کراچی،گلگت ،چترال : ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، گلگت بلتستان، بلوچستان اور سندھ کے کئی علاقوں میں متعدد دیہات زیر آب آگئے جبکہ سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

گلیشیئر پگھلنے سے گلگت کے علاقے رحیم آباد کے برساتی نالے میں سیلاب سے زرعی زمینیں زیر آب آگئیں، استور میں پرشینگ کے مقام پر گزشتہ روز آسمانی بجلی گرنے اور سیلابی صورتحال سے کئی مکانات، فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا، بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوگئی ہے۔

 متاثرہ گاؤں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔گلگت میں جگلوٹ گورو نالے میں شدید طغیانی کے بعد آج پانی کی صورتحال معمول پر آگئی ہے، رحیم آباد نالے میں سیلاب سے دریا کا بہاؤ کچھ دیر کیلئے رک جانے سے نشیبی علاقے اور زرعی زمینیں زیر آب آگئیں۔

 دریائے ہنزہ نگر میں شدید سیلابی صورتحال سے گلگت شہر کے مضافاتی علاقے فیض آباد میں دریائی کٹاؤ میں تیزی آگئی ہے۔دریائے چترال میں بھی گلیشیئرز پگھلنے سے اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے جبکہ بونی کے مقام پر متاثرین کیلئے خیمہ بستی بنادی گئی ہے اور متاثرہ پل کی جگہ عارضی پل کی تعمیر بھی جاری ہے۔

ادھر روہڑی کینال میں پڑنے والے 150 فٹ شگاف کو پر کرنے کا کام جاری ہے، انتظامیہ کے مطابق آج شگاف کو پر کرلیا جائیگا، جبکہ سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں بمبلی مائینر میں شگاف کو پرکرلیا گیا۔

دوسری جانب کھیرتھر پہاڑی سلسلے میں بارش سے گاج، سول ندی اور نلی ہلیلی میں طغیانی آگئی ہے، سیلابی ریلوں سے تحصیل جوہی کی 5 یونین کونسل متاثر ہوگئیں جبکہ فریدہ آباد کے 65 سے زائد دیہات کا جوہی سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

بارش کا پانی منچھر جھیل میں داخل ہونے سے جھیل میں پانی کی سطح بلند ہوگئی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جھیل میں پانی بڑھنے پر دریائے سندھ میں خارج کیا جائے گا۔

خیرپور میں بارش سے کپاس کھجور اور دیگر فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، نصیر فقیر جلالانی کے قریب پانی کے ریلوں کے دباؤ سے حفاظتی بند ٹوٹ گیا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!