ملک میں رمضان کا چاند 18 فروری کو نظر آنے کے قوی امکانات
ویب ڈیسک
|
11 Feb 2026
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بدھ 18 فروری 2026 کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں، کیونکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم صاف یا جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے کلائمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کے مطابق فلکیاتی حساب کے تحت 29 شعبان 1447 ہجری کی شام نئے چاند کی رویت کا واضح امکان موجود ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند 17 فروری کو شام 5 بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 فروری کی شام ملک کے زیادہ تر حصوں میں مطلع صاف یا ہلکا ابر آلود رہنے کی پیشگوئی ہے، جو چاند دیکھنے کے لیے سازگار صورتحال فراہم کرے گی۔
ادارے نے مختلف علاقوں میں چاند نظر آنے کے ممکنہ اوقات بھی جاری کیے ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر میں چاند دیکھنے کا آخری وقت شام 6 بج کر 58 منٹ، بلوچستان میں 7 بج کر 47 منٹ، سندھ میں 7 بج کر 24 منٹ، خیبرپختونخوا میں 7 بج کر 13 منٹ، پنجاب میں 7 بج کر 8 منٹ جبکہ گلگت بلتستان میں شام 6 بج کر 53 منٹ تک ہوگا۔
حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے شہادتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا، تاہم فلکیاتی اور موسمی حالات کے پیش نظر اس بار چاند نظر آنے کے امکانات کافی زیادہ بتائے جا رہے ہیں۔
Comments
0 comment