منکی پاکس کے پیش نظر ملک میں ایمرجنسی نافذ
ویب ڈیسک
|
17 Aug 2024
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ ایمرجنسی قرار دینے کے بعد پاکستان میں اس بیماری کی کڑی نگرانی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم نے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بارڈرز پر منکی پاکس کی اسکریننگ کے نظام کو مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے بارڈر ہیلتھ سروسز کو صورتحال کی بھرپور نگرانی اور سخت سرویلنس کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر کو منکی پاکس کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے اور اس کا روزانہ جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام ضروری آلات اور کٹس کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی تاکید کی۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں، حکومت گلگت بلتستان اور حکومت آزاد جموں و کشمیر سے روابط بہتر بنانے اور مؤثر آگہی مہم شروع کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ حال ہی میں ضلع مردان کے ایک شخص میں منکی پاکس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جو بیرون ملک سے حال ہی میں واپس آیا تھا۔ متاثرہ شخص کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان میں اس وقت منکی پاکس کی لوکل ٹرانسمشن نہیں ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں منکی پاکس کے حوالے سے آگہی مہم کا آغاز کر رہی ہیں اور سول ایوی ایشن اتھارٹی بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کی نگرانی کرے گی۔
Comments
0 comment