مردان میں ڈرون حملہ، صوبائی حکومت نے بے گناہ شہریوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی

مردان میں ڈرون حملہ، صوبائی حکومت نے بے گناہ شہریوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی

حملے میں خواتین اور بچوں کی ہلاکت دلخراش اور افسوسناک واقعہ ہے، بیرسٹر سیف
مردان میں ڈرون حملہ، صوبائی حکومت نے بے گناہ شہریوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی

ویب ڈیسک

|

29 Mar 2025

خیبرپختونخوا کے ضلع مردان کے پہاڑی علاقے کاٹلنگ میں دہشت گردوں کے خلاف فورسز کے ڈرون حملے میں 11 افراد ہلاک ہوئے تاہم ان میں سے بیشتر غیر مسلح تھے جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) پر کیے گئے ڈرون حملوں میں 11 افراد مارے گئے۔

یہ حملے جمعے کی رات تین بجے کیے گئے تھے جن میں کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

اب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ضلع مردان کے پہاڑی علاقے کاٹلنگ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک انسداد دہشت گردی کارروائی کی گئی۔ 

اطلاعات کے مطابق یہ مقام دہشت گرد عناصر کے ٹھکانے اور نقل و حرکت کے لیے استعمال ہو رہا تھا، بعدازاں موصول معلومات کے مطابق کاروائی کے مقام کے اطراف میں بعض غیر مسلح شہری موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ کاروائی میں غیر مسلح افراد کے مارے جانے کا افسوس ہے، جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں، یہ ایک دلخراش اور افسوسناک واقعہ ہے جو دہشت گردوں کو مارے جانے کے نتیجے میں رونما ہوا۔ 

بیرسٹر سیف نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور ان کے ساتھ اس غم کی گھڑی میں کھڑی ہے، زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے امداد اور معاوضے کی فراہمی یقینی بنارہی ہے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران کئی اہم مطلوبہ دہشت گردوں کو کامیابی سے ہدف بنایا گیا جو کہ علاقے میں جاری دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے، ایسی کارروائیوں کے دوران عام شہریوں کے تحفظ کو ہمیشہ اولین ترجیح دی جاتی ہے۔ 

اُن کا کہنا تھا کہ بعض اوقات پیچیدہ جغرافیہ، دہشت گردوں کی جانب سے شہری آبادی میں چھپنے کی حکمت عملی، اور آپریشن کی ہنگامی نوعیت کے باعث ناخواسته نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

اُدھر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے ڈرون حملے میں سویلین کی ہلاکتوں پر افسوس اور شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مردان کاٹلنگ میں نہتے  چرواہوں پر ڈرون حملہ کر کے روزے کی حالت میں دس افراد بشمول بچے اور خواتین کو مار دیا گیا جو ظلم وبربریت کی انتہا ہے۔‘

 

 

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!