امریکا کو ڈاکٹر عافیہ کی رہائی پر قائل نہیں کرسکے، حکومت کا اعتراف
Webdesk
|
29 Oct 2024
اسلام آباد: ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اعتراف کیا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے حوالے سے ابھی کامیابی نہیں ہوئی۔
وزیر خارجہ اسحق ڈار نے بین الاقوامی کانفرنس "چین 75: ترقی، تبدیلی اور عالمی قیادت کا سفر" میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے حکومت نے امریکی قیادت کو معافی کے لیے قائل کرنے کی کوششیں کیں مگر کامیابی نہیں مل سکی۔
اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ڈاکٹر عافیہ کی معافی کے لیے خط بھی لکھا تھا۔ اب تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو امریکی پارلیمنٹیرین سے ملاقاتیں کرے گی تاکہ معافی، رہائی اور انہیں پاکستان واپس بھیجنے کے لیے لابنگ کی جا سکے۔
وزیر خارجہ نے اسرائیل کی غزہ میں جاری بربریت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جو فلسطینی عوام کی کھل کر حمایت کرتے ہیں اور قتل عام روکنے، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک 48,000 معصوم فلسطینی افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے اور مزید 80,000 زخمی ہوئے ہیں۔
Comments
0 comment