امریکا نے پاکستان کی امداد بند کردی، متعدد منصوبے روک دیئے گئے
Webdesk
|
28 Jan 2025
واشنگٹن:امریکی حکام کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان کے لیے بھی امریکی امداد کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے، جس کے باعث اہم ترقیاتی منصوبے روک دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے گزشتہ دنوں تمام سفارتی اور قونصل مشنز کو ہدایت کی تھی کہ وہ غیر ملکی امدادی پروگرام فوری طور پر معطل کر دیں۔ یہ اقدام ابتدائی طور پر 90 دن کے لیے کیا گیا ہے، اور اس کا اطلاق یوکرین، تائیوان، اردن سمیت دیگر ممالک کی امداد پر بھی ہوا ہے۔
امریکی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امداد کے ازسرنو جائزے تک پاکستان کے لیے تمام امدادی پروگرام روک دیے گئے ہیں۔ اس فیصلے کے نتیجے میں متعدد شعبے متاثر ہوئے ہیں۔
امریکی حکمنامے کے مطابق ایمبسڈر فنڈ برائے ثقافتی تحفظ کے تحت جاری منصوبہ معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ توانائی کے شعبے میں 5 اہم منصوبے بھی بند ہوگئے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ہدایت کے مطابق پاکستان میں اقتصادی نمو سے متعلق 4 پروگرام متاثر ہوئے ہیں، جبکہ زراعت کے شعبے میں 5 ترقیاتی منصوبوں کی امداد معطل کردی گئی ہے۔
تعلیم کے شعبے میں 4 اور صحت کے بھی 4 منصوبے معطل ہو گئے ہیں، علاوہ ازیں گورننس سے متعلق 11 منصوبے بھی امریکی اقدام سے متاثر ہوئے ہیںجبکہ جمہوریت، انسانی حقوق اور گورننس سے متعلق امدادی فنڈز بھی عارضی طور پر روک دیے گئے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق یہ فیصلہ عارضی نوعیت کا ہے اور تمام امدادی پروگراموں کا ازسرنو جائزہ لینے کے بعد ان کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
Comments
0 comment