امید ہے الیکشن سے جمہوریت مضبوط ہوگی، پاک فوج کی پُرامن انتخابات پر قوم کو مبارک باد
ویب ڈیسک
|
8 Feb 2024
پاک فوج نے ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات کے پُرامن انعقاد پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جمہوریت کی مضبوطی کیلیے کام جاری رکھیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’ہم عام انتخابات کے پرامن اور تشدد سے پاک انعقاد پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مسلح افواج کو فخر ہے کہ انہوں نے انتخابی عمل کو پُرامن بنانے کیلیے سیکیورٹی فراہم کی اور حکومت کی آئین پاکستان کے مطابق مدد کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں تقریباً 6,000 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں اور 7800 سے زیادہ QRFs پر 137,000 فوجی اہلکاروں اور سول آرمڈ فورسز کی تعینات تھے جنہوں نے عوام کے تحفظ اور ماحول کو محفوظ بنانے میں کردار ادا کیا۔
پاک فوج کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملک میں 51 بزدلانہ دہشت گردانہ حملے ہوئے جن میں سے زیادہ تر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ہوئے اور ان کا مقصد الیکشن کے عمل کو متاثر کرنا تھا مگر اُس کے باوجود سیکیورٹی فورسز پُرعزم رہے اور پورے پاکستان میں امن و سلامتی کو مؤثر طریقے سے یقینی بنایا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ان حملوں میں 12 افراد (جن میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 10 اہلکار شامل ہیں) نے شہادت قبول کی اور 39 دیگر زخمی ہوئے۔ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے نتیجے میں بہت سارے منصوبوں کو ناکام بنایا گیا ۔ یہ ہمارے شہریوں کے جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے ہماری سیکورٹی ایجنسیوں کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ مختلف کارروائیوں کے دوران 5 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کا شکریہ، جنہوں نے جمہوری عمل کی حفاظت کے لیے مسلح افواج کے ساتھ مل کر کام کیا۔ ہمیں پوری امید ہے کہ ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور یہ الیکشن پاکستان میں جمہوریت کو مزید مضبوط کرنے کے ضامن ہوں گے اور پاکستانی عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کی راہ ہموار بھی ہوگی۔
اعلامیے میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ مسلح افواج ملک میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہماری ریاست کی جمہوری روایات کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل حمایت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
Comments
0 comment