نقیب اللہ قتل کیس کے گواہ ملزمان سے خوفزدہ
ویب ڈیسک
|
6 Jul 2024
کراچی: نقیب اللہ قتل کیس کے گواہ ملزمان سے خوفزدہ ہیں اور وہ عدالت میں بیان قلم بند کروانے کیلیے پیش نہیں ہوسکے۔
کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت کے روبرو نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ جس میں ملزمان سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت، شعیب شوٹر، گدا حسین، صداقت حسین، ریاض احمد، راجہ شمیم اور محسن عباس کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ خوف کی وجہ سے گواہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور وہ گواہوں کو انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
عدالت نے گواہوں کی عدم موجودگی کے باعث سماعت ملتوی کی اور سمن جاری کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر گواہوں کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے جیل حکام کو ہدایت کی ہے کہ گرفتار تمام ملزموں کو آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔ جج نے سماعت 15 جولائی تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ مقدمے میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت 18 پولیس افسران و اہلکاروں کو بری کیا جاچکا ہے۔ مقدمے میں سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت سمیت 7 پولیس افسران و اہلکار مفرور تھے، ان مفرور ملزموں نے انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے فیصلے کے بعد خود کو سرینڈر کیا تھا۔
مقدمے میں ایک ملزم شعیب شوٹر ضمانت جبکہ امان اللہ مروت سمیت 6 ملزم گرفتار ہیں۔ نقیب اللہ کو جنوری 2018 میں پولیس مقابلے میں قتل کیا گیا تھا۔
Comments
0 comment