نواز شریف کا حکومت اور عزم استحکام کی مکمل حمایت کا اعلان

نواز شریف کا حکومت اور عزم استحکام کی مکمل حمایت کا اعلان

پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے والے ملکی ناکامی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں، نوازشریف
نواز شریف کا حکومت اور عزم استحکام کی مکمل حمایت  کا اعلان

ویب ڈیسک

|

6 Jul 2024

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے حکومت اور آپریشن عزم استحکام کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرادی۔

تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی مری میں اپنے دیرینہ ساتھی اور سینیٹ میں ن لیگ کے پارلیمانی لیڈر عرفان صدیقی سے ملاقات ہوئی۔

اس ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ عدم استحکام پیدا کرنے اور بیرون ملک پاکستان کا نام بدنام کرنے والے عناصر کو جمہوریت میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سات سال پہلے جن مسائل پر قابو پا لیا تھا وہ پھر سنگین بحران بن چکے ہیں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مسلح افواج اور سیکورٹی اداروں کی مکمل حمایت کی جانی چاہیے، ملک کے اندر عدم استحکام پیدا کرنے اور ملک کے باہر پاکستان کو بدنام کرنے والے عناصر کو نہ جمہوریت سے کوئی دلچسپی ہے نہ عوام کے مسائل سے۔ 

نواز شریف نے کہا کہ یہ لوگ کسی بھی محاذ پر پاکستان کی کمزوری یا ناکامی کو اپنی سیاسی کامیابی سمجھتے ہیں، سات سال پہلے پاکستان نے جن مسائل پر قابو پا لیا تھا آج پھر سنگین شکل اختیار کر چکے ہیں لیکن انشاءاللہ مخلص اور محنتی قیادت اِن مشکلات پر قابو پالے گی۔

نواز شریف نے کہا کہ سات سال پہلے مہنگائی، لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی جیسے مسائل پر قابو پا لیا تھا۔ آئی ایم ایف سے نجات حاصل کر لی گئی تھی لیکن 2018 میں ملکی تباہی و بربادی اور ہر شعبے میں زوال کا جو سلسلہ شروع ہوا اس نے عوام کے لیے سنگین مسائل پیدا کر دیے جن پر قابو پانے کے لیے بہت وقت درکار ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کی مکمل حمایت کی جانی چاہیے کیونکہ امن و امان کا گہرا تعلق سرمایہ کاری اور ترقی و خوشحالی سے ہے۔ 

مسلم لیگ ن کے صدر نے یہ بھی کہا کہ اس سلسلے میں پارلیمنٹ کو توانا کردار ادا کرنا چاہیے۔ 

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!