پہلگام حملے پر پاکستان کا دو ٹوک موقف سامنے آگیا

پہلگام حملے پر پاکستان کا دو ٹوک موقف سامنے آگیا

وزیر دفاع نے بھارتی الزام تراشی کے بعد جواب دے دیا
پہلگام حملے پر پاکستان کا دو ٹوک موقف سامنے آگیا

ویب ڈیسک

|

23 Apr 2025

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے حالیہ حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے بھارتی الزامات کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کر دیا ہے۔ منگل کے روز نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 26 بھارتی سیاح ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت میں اس وقت شدید داخلی بے چینی پائی جاتی ہے۔ "ناگالینڈ، چھتیس گڑھ اور منی پور جیسے کئی بھارتی ریاستوں میں عوام اپنی بنیادی حقوق کے لیے دہلی حکومت کے خلاف بغاوت کر رہے ہیں۔

انہوں نے بھارتی حکومت کی اقلیتوں سے متعلق پالیسیوں پر بھی شدید تنقید کی۔ "ہندوتوا حکومت اقلیتوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔ یہ بغاوت ظلم کے خلاف عوامی ردعمل ہے۔ پاکستان کسی بھی قسم کی دہشتگردی کی حمایت نہیں کرتا، اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت ہے۔"

خواجہ آصف نے مزید کہا، "اگر مسلح افواج عوام کے بنیادی حقوق کو کچلیں اور عوام مزاحمت کریں تو اس کا ذمہ دار پاکستان کو کیسے ٹھہرایا جا سکتا ہے؟"

انہوں نے بھارت پر الزام لگایا کہ وہ ہمیشہ پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے ایسے واقعات کا سہارا لیتا ہے۔ "ہم بارہا بھارت کی پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہونے کے ثبوت پیش کر چکے ہیں۔ بھارت بلوچستان میں بدامنی کو ہوا دینے اور پاکستان کے دیگر علاقوں میں عدم استحکام پیدا کرنے میں ملوث ہے۔"

پہلگام کے قریب بیسارن کے میدان میں یہ حملہ اس وقت پیش آیا جب درجنوں سیاح علاقے کی سیر کر رہے تھے۔ مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک اور کئی خاندان، جن میں بچے بھی شامل تھے، شدید خوف و ہراس کا شکار ہو گئے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جو اس وقت سرکاری دورے پر سعودی عرب میں موجود تھے، حملے کی خبر سنتے ہی دورہ مختصر کر کے واپس بھارت پہنچے۔

واقعے کے بعد بھارتی میڈیا نے پاکستان مخالف مہم تیز کر دی ہے اور مقامی کشمیری مسلمانوں پر الزام تراشی شروع کر دی ہے، حالانکہ ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، اور بھارتی حکومت بھی اب تک حملہ آوروں سے متعلق کوئی ٹھوس معلومات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!