پاک بحریہ کے شہید افسر کی اہلیہ نے پاکستان نیوی میں بطور آفیسر کمیشن حاصل کرلیا

پاک بحریہ کے شہید افسر کی اہلیہ نے پاکستان نیوی میں بطور آفیسر کمیشن حاصل کرلیا

الویرا حمزہ نے نہ صرف نیول اکیڈمی سے اپنی تربیت کامیابی سے مکمل کی
پاک بحریہ کے شہید افسر کی اہلیہ نے پاکستان نیوی میں بطور آفیسر کمیشن حاصل کرلیا

Webdesk

|

29 Jun 2026

اسلام آباد : پاک بحریہ کے شہید افسر کی باہمت اہلیہ الویرا حمزہ نے پاکستان نیوی میں بطورآفیسر کمیشن حاصل کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے شہید افسر لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد کی باہمت اہلیہ الویرا حمزہ نے اپنے شوہر کی شہادت کے غم کو لازوال عزم و حوصلے میں بدلتے ہوئے پاک بحریہ میں بطور آفیسر کمیشن حاصل کر لیا۔

الویرا حمزہ نے نہ صرف نیول اکیڈمی سے اپنی تربیت کامیابی سے مکمل کی بلکہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمانڈنٹ گولڈ میڈل بھی اپنے نام کیا. جس کے بعد انہوں نے پاک بحریہ کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو جوائن کر لیا ہے۔

کمیشن حاصل کرنے کی پروقار تقریب کے موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے الویرا حمزہ کا کہنا تھا کہ "میرے شہید شوہر لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد کی قربانی نے میرے اندر بھی پاک بحریہ میں شمولیت کا سچا جذبہ پیدا کیا۔

 میں نے جس یونیفارم میں اپنے شوہر کو دیکھا تھا، آج اسی جیسا یونیفارم پہن کر اسی باوقار مقام پر کھڑی ہونا میرے اور میری معصوم بیٹی کے لیے سب سے بڑا باعثِ فخر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ان جذباتی لمحات کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتیں، پاکستان نیول اکیڈمی میں ان کا تربیتی وقت بہت بہترین گزرا۔

الویرا حمزہ نے ملک بھر کی خواتین کے نام ایک پرکشش اور حوصلہ افزا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ "میں پاکستان کی ہر ایک لڑکی کو یہ کہنا چاہتی ہوں کہ اگر میں ایک بچی کی ماں ہوتے ہوئے اتنی بڑی ذمہ داری اور ہمت کا مظاہرہ کر سکتی ہوں، تو آپ بھی آگے بڑھیں اور فورسز میں آ کر ملک و ملت کی خدمت کریں۔

پاک بحریہ کے حکام اور سماجی حلقوں کی جانب سے الویرا حمزہ کے اس اقدام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ایک شہید کی بیوہ کا اس طرح تمام تر چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے پاک بحریہ میں بطور آفیسر شمولیت اختیار کرنا ملک کی تمام خواتین کے لیے ایک روشن اور لازوال مثال ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!