پاک فوج ملکی دفاع اور چیلنجز سے نمٹنے میں۔ ثابت قدم رہے گی، فیلڈ مارشل
ویب ڈیسک
|
8 Jan 2026
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع پاک فوج کی اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج ہر سطح پر چوکنا ہیں اور کسی بھی چیلنج کا مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور اس میں ہمیشہ ثابت قدم رہے گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج قومی مفادات کے تحفظ، داخلی استحکام اور سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ افواجِ پاکستان پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور قومی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی رہیں گی اور جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ رہنا ہماری مستقل ترجیح ہے۔
قبل ازیں، آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں آپریشنل تیاریوں اور دفاعی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے فارمیشن کے زیر اہتمام جاری تربیتی مشقوں کا معائنہ کیا اور مستقبل کے جنگی چیلنجز کے پیشِ نظر تربیت میں جدت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگی پر زور دیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے جوانوں کے لیے فراہم کی گئی کھیلوں اور تفریحی سہولتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں جسمانی فٹنس اور بلند حوصلے کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے سی ایم ایچ لاہور کے ہائی کیئر سینٹر کا بھی معائنہ کیا اور طبی عملے کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
Comments
0 comment