18 hours ago
پاکستان کا آپریشن بنیان المرصوص ختم کرنے کا اعلان، کیا کامیابیاں ملیں؟

ویب ڈیسک
|
12 May 2025
مسلح افواج نے آپریشن "بنیان مرصوص" کی کامیاب تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے کامیابی سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 22 اپریل سے 10 مئی تک جاری رہنے والے معرکے کو معرکہ حق کا نام دیا گیا۔ یہ آپریشن بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کو کی گئی بزدلانہ جارحیت کے جواب میں شروع کیا گیا تھا، جس میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت متعدد بے گناہ شہری شہید ہوئے تھے۔
پاکستانی افواج نے بھارتی مظالم کا حساب چکتا کرتے ہوئے جواب میں 26 سے زائد اہم بھارتی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔ جس کے دوران فضائی و عسکری اڈے سرسا، بھُج، نالیا، آدمپور، بٹھنڈا، پٹھان کوٹ، سرینگر، ادھم پور، جموں میں تباہ کیے گئے۔
اس کے علاوہ کمانڈ ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے دوران 10 بریگیڈ، 80 بریگیڈ، راجوری، نوشہرہ کے ہیڈکوارٹرز تباہ کیے گئے اور پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے والے تربیتی مراکز راجوڑی نوشہرہ کو بھی تباہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوجی پوسٹیں اور توپخانے بھی نشانے پر رہے، حتیٰ کہ دشمن نے سفید جھنڈے اٹھا کر جنگ بندی کی اپیل کی اور بھرپور ردعمل پر امریکا سے جنگ بندی کی درخواست کر کے مداخلت کروائی۔
اعلامیے میں لکھا گیا ہے کہ پاکستان نے بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذوں پر مکمل ہم آہنگی سے دشمن کو جواب دیا: بھارتی ڈرونز کی خلاف ورزی کے جواب میں پاکستانی مسلح ڈرونز نے بھارت کے بڑے شہروں اور نئی دہلی تک اپنی صلاحیت کا پیغام پہنچایا۔
سائبر وارفیئر کے تحت بھارتی فوجی نیٹ ورکس اور بنیادی ڈھانچے کو وقتی طور پر مفلوج کیا گیا۔ جبکہ مغربی محاذ پر کارروائی کے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کا کامیابی سے انسداد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستانی قوم نے اپنے دفاع میں مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور نوجوانوں نے سائبر وارفیئر میں اہم کردار ادا کیا جبکہ میڈیا نے بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف مضبوطی سے کھڑا ہو کر حقائق کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔
اعلامیے کے مطابق سائنسدانوں اور انجینئرز نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے آپریشن کو مؤثر بنایا۔ اس کے علاوہ سیاسی قیادت نے بحران کے دوران اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے افواج کی مکمل حمایت کی۔
افواجِ پاکستان نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ "اللہ نے ہمیں ظلم کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی توفیق دی۔ ہم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں اور زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔"
پاکستان نے واضح کیا ہے کہ *"کوئی بھی اس غلط فہمی نہ رکھے کہ اگر ہماری خودمختاری کو چیلنج کیا گیا تو ہمارا جواب ہمہ گیر اور فیصلہ کن ہو گا۔"
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ "معرکۂ حق" پاکستان کی عسکری صلاحیت، قومی یکجہتی اور اللہ پر بھروسے کی عظیم مثال ہے، جس نے ملک کی سلامتی کو یقینی بنایا۔
Comments
0 comment