3 hours ago
پاکستان میں گوگل آفس کا افتتاح کردیا گیا
Webdesk
|
19 Aug 2026
اسلام آباد: گوگل نے پاکستان میں اپنا باضابطہ دفتر قائم کردیا، وزیراعظم شہباز شریف اور گوگل کے اعلی حکام نے دفتر کی افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر گوگل حکام نے پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ملک میں اپنے پروگرام مزید وسیع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، مسٹر ولسن وائٹ، امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر اور دیگر عہدیداروں نے مشترکہ طور پر پاکستان میں گوگل کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر ایک تختی کی نقاب کشائی کی۔
بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف سے گوگل کے گورنمنٹ افیئرز اینڈ پبلک پالیسی کے نائب صدر ولسن وائٹ کی قیادت میں 9 رکنی وفد نے ملاقات کی۔
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر بھی شریک تھیں۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں حکومتی امور اور معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل جاری ہے، جبکہ قومی ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے مختلف اقدامات بھی حتمی مراحل میں ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں موجودگی کے بعد گوگل اپنے مثر پروگراموں کو مزید وسعت دے سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں گوگل کے کردار کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
اس موقع پر گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے کہا کہ گوگل پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتا ہے اور پاکستان میں اپنے پروگراموں کو مزید وسیع کرنے کا خواہشمند ہے۔
ملاقات میں پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ، نوجوانوں کے لیے مواقع بڑھانے اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
Comments
0 comment