پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 14 سال بعد براہ راست فضائی آپریشن بحال
ویب ڈیسک
|
8 Jan 2026
ایک دہائی سے زائد عرصے کے وقفے کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
بنگلہ دیش کی قومی ایئرلائن، بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کے مطابق ڈھاکا سے کراچی کے لیے پہلی براہِ راست پرواز 29 جنوری کو روانہ ہوگی۔
ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ ڈھاکا۔کراچی روٹ پر ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی۔ اس روٹ پر بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز نے آخری بار 2012 میں آپریشن کیا تھا۔ ایئرلائن کی منیجر بصرہ اسلام نے بتایا کہ سروس کی بحالی سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی سفر میں سہولت پیدا ہوگی۔
ایئرلائن کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ براہِ راست پروازوں کی بحالی سے کاروباری سرگرمیوں، سیاحت اور خاندانی روابط کو فروغ ملے گا، جبکہ مسافروں کو بھی سفر میں آسانی حاصل ہوگی۔
اس وقت پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سفر کرنے والے افراد کو دبئی یا دوحہ جیسے خلیجی شہروں کے ذریعے کنیکٹنگ فلائٹس استعمال کرنا پڑتی ہیں۔
واضح رہے کہ نومبر 2024 سے کراچی بندرگاہ اور بنگلہ دیش کی اہم بندرگاہ چٹاگانگ کے درمیان بحری تجارت بھی دوبارہ شروع ہو چکی ہے۔ حال ہی میں بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کے دوران بھی جنوری میں براہِ راست پروازوں کے آغاز کی امید ظاہر کی تھی۔
ماضی میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے دورِ حکومت میں دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی رہی، تاہم ان کی حکومت کے خاتمے اور ملک چھوڑنے کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں بہتری کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں۔
Comments
0 comment