پاکستانیوں کیلئے عالمی ملازمتوں کے دروازے کھل گئے
Webdesk
|
17 Aug 2026
اسلام آباد: پاکستانی شہریوں کے لیے بیرونِ ملک عالمی سطح کی ملازمتوں کے نئے مواقع سامنے آگئے ہیں۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو (UNESCO) میں پاکستانی پروفیشنلز کے لیے دستیاب ملازمتوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
بیورو آف امیگریشن کے مطابق اس اقدام کا مقصد پاکستانی باصلاحیت افراد کو عالمی اداروں میں کام کرنے کے مواقع فراہم کرنا اور بین الاقوامی سطح پر ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔یونیسکو کی جانب سے مختلف شعبوں میں P-1 سے P-5 اور ڈائریکٹر لیول کی D-1 اور D-2 اسامیوں کے لیے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ان مواقع سے تعلیم، سائنس، ثقافت، انتظامیہ، فنانس، انجینئرنگ اور دیگر سماجی و انتظامی علوم سے وابستہ افراد فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
اہلیت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امیدواروں کے پاس متعلقہ شعبے میں یونیورسٹی ڈگری، پیشہ ورانہ قابلیت اور عملی تجربہ ہونا ضروری ہے۔ امیدواروں میں بہتر مواصلاتی صلاحیتوں کے ساتھ انگریزی اور فرانسیسی زبانوں پر عبور کو ترجیح دی جائے گی۔
منتخب امیدواروں کو عالمی سطح کے منصوبوں پر کام کرنے کا موقع ملے گا جبکہ انہیں بنیادی تنخواہ کے علاوہ فیملی الانس، بچوں کی تعلیم کے لیے معاونت، سفری سہولیات اور دیگر مراعات بھی یونسکو کے قواعد کے مطابق فراہم کی جائیں گی۔
بیورو آف امیگریشن نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ درخواستیں صرف یونسکو کے آفیشل آن لائن کیریئر پورٹل کے ذریعے جمع کرائیں اور غیر رسمی ایجنٹس یا جعلی تھرڈ پارٹی ویب سائٹس سے محتاط رہیں۔
درخواست دینے والے امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی مکمل دستاویزات، سی وی (CV) اور کور لیٹر مقررہ وقت سے پہلے اپ لوڈ کریں۔ بھرتی کے عمل میں تکنیکی جانچ، تحریری امتحان اور انٹرویو کے مراحل شامل ہوں گے۔
Comments
0 comment