پشاور: مخصوص نشستوں پر اراکین نے حلف نہ اٹھایا تو سینیٹ الیکشن ملتوی
Webdesk
|
28 Mar 2024
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو مخصوص نشستوں پر نومنتخب اراکین کے حلف لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایسا نہ ہوا تو سینیٹ الیکشن ملتوی کردیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے کے پی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان سے حلف نہ لینے کیخلاف درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
محفوظ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر کے پی کے اسمبلی نے اجلاس بلا کر حلف نہ لیا تو صوبے کی حد تک سینیٹ انتخابات ملتوی کر دیئے جائیں گے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ اسپیکر کے پی اسمبلی اگر پشاور ہائی کورٹ کے فیصلہ پر عمل نہیں کرتے تو انتخابات ملتوی کیے جائیں گے۔
تحریری فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ اسپیکر اسمبلی پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کریں اور مخصوص نشستوں پر نئے ارکان سے حلف نہ لینے کی صورت میں الیکشن کمیشن کے پی میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے پر مجبور ہو گا اور صوبے میں سینیٹ الیکشن کی تاریخ میں توسیع کر دی جائے گی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ووٹ ڈالنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور کسی کو بھی ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔
Comments
0 comment