پی ٹی آئی کا انٹرنیٹ بندش پر سپریم کورٹ اور چیف جسٹس سے اہم مطالبہ
ویب ڈیسک
|
8 Jan 2024
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے گزشتہ روز اپنے پروگرام کے دوران ملک میں انٹرنیٹ کی جزوی بندش کے معاملے پر چیف جسٹس اور سپریم کورٹ سے اہم مطالبہ کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان سے انٹرنیٹ کی بندش کے فوری نوٹس کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ غیرآئینی اور غیرقانونی نگران سرکار 24 کروڑ شہریوں کے بنیادی حقوق غصب کرنے میں مصروف ہے، تحریک انصاف کو پرامن سیاسی و انتخابی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کے دروان مکمل طور پر قانونی ڈیجیٹل سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹیں جبر و فسطائیت اور طاقت کے غلط استعمال کی بدترین مثال ہے، عمران خان کی دیانت اور امانت کے باعث شہریوں نے کروڑوں روپے کے عطیات تحریک انصاف کو دیے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ انتخابات میں واضح شکست کو سازش اور ریاستی طاقت کے ذریعے فتح میں بدلنے کیلئے ریاستی وسائل سے انجینئرنگ کی کوششیں جاری ہیں، انٹرنیٹ سے اس نوعیت کی قابلِ مذمت چھیڑ چھاڑ سے پہلے سے مشکلات میں گھری معیشت پر نہایت منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پیغام کے عوام تک ابلاغ کا کوئی حربہ پہلے کامیاب ہوا نہ اب ہوگا، معزز عدالت انٹرنیٹ بند/سلو کرکے معیشت کو بھاری نقصان پہنچانے والوں کا محاسبہ کرے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ 8 فروری دستور، جمہوریت اور عوام کے حقِ انتخاب کی فتح کا دن ہے، جبر سے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی کوششیں کامیاب نہ ہو پائیں گی۔
Comments
0 comment