2 hours ago
پی آئی اے کی نجکاری کے بعد پنشنرز کیلیے بڑی شرط رکھ دی گئی
ویب ڈیسک
|
31 Jan 2026
پی آئی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کو درپیش مسائل میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، کیونکہ اب پینشن کے حصول کے لیے الگ سے نیا بینک اکاؤنٹ کھلوانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی نے اس فیصلے سے 16 ہزار سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کو آگاہ کر دیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئے پینشن اکاؤنٹس کھلوانے کے بعد ہی ریٹائرڈ ملازمین کو پینشن کی ادائیگی کی جائے گی۔
اس سے قبل ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن ان کے کسی بھی موجودہ بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جا رہی تھی، تاہم اب یہ سہولت ختم کر دی گئی ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ پہلے ہی ان کی پینشن انتہائی کم ہے، جو کم از کم تین ہزار اور زیادہ سے زیادہ بارہ سے پندرہ ہزار روپے کے درمیان ہے، ایسے میں نیا اکاؤنٹ کھلوانا مزید مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔
پیپلز یونٹی پی آئی اے کے صدر ہدایت اللہ نے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے قومی ادارے کو اونے پونے داموں فروخت کیا گیا اور اب ریٹائرڈ ملازمین کو مختلف طریقوں سے پریشان کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ فیصلے آئین اور قانون کے مطابق نہیں کیے جا رہے اور عدالتی احکامات کو بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے اکاؤنٹس کھلوانے کی شرط سے بزرگ اور بیمار ریٹائرڈ ملازمین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
Comments
0 comment