پیپلزبس میں سفر کرنے والوں کیلیے بڑی خوشخبری، نقد کرایے سے جان چھوٹ گئی

پیپلزبس میں سفر کرنے والوں کیلیے بڑی خوشخبری، نقد کرایے سے جان چھوٹ گئی

پیپلز بس سروس میں کرایہ کی وصولی کی خودکار نظام آٹومیٹڈ فیئر کلیکشن سسٹم متعارف
پیپلزبس میں سفر کرنے والوں کیلیے بڑی خوشخبری، نقد کرایے سے جان چھوٹ گئی

ویب ڈیسک

|

4 May 2024

محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت سندھ نے پیپلز بس سروس میں کرایہ کی وصولی کی خودکار نظام آٹومیٹڈ فیئر کلیکشن سسٹم لانچ کر دیا ہے۔ 

آٹومیٹڈ فری کلیکشن سسٹم کی لانچنگ تقریب  سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن  کی زیر میزبانی کراچی کے مقامی ہوٹل میں ہوئی۔

 تقریب میں سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے آٹومیٹڈ فری کلیکشن سسٹم کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں آج اس  تاریخی  موقع پر انتہائی مسرت محسوس کررہا ہوں , ہم  اپنے عوامی سہولت کے وعدہ پر کاربند ہیں،  ہم نے صوبے میں  ٹرانسپورٹ سیکٹر  کو ڈیجیٹلائزیشن  کی جانب گامزن  کیا، ہماری حکومت کا  یہ انقلابی اقدام  عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر  کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں  اس عظیم اقدام کے چمپپئن ہونے پر فخر ہے۔ ہم ملک میں مواصلاتی  نظام کو نئی شکل دینے  جارہے ہیں ، سندھ حکومت عوام کی بہبودکے حوالے سے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے، چاہے وہ ڈیجٹیلائزشن کے حوالے سےہو  یا  انسان دوست ماحول ،  توانائی کا شعبہ ہو، ہم نے ہر شعبے میں جدت لانے میں پہل کی ہے۔ 

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے ہر میدان میں چاہے وہ تعلیم ہو، صحت ہو ، تھر سے بجلی کی پیداوار ہو  یا سڑکوں کا عظیم نیٹ ورک ہو، کونئی جدت دی ہے، میں ان تمام اشخاص کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں جو عوام کی سہولتکاری کے اس اہم  سفر کا حصہ ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بسوں کے فروغ سے توانائی کی بچت ہوگی، الیکٹرک بسوں کو فروغ دینے سے ماحول کو تحفظ فراہم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اے ایف سی سسٹم متعارف کرانا ہماری کوششوں میں اہم اضافہ ہے،  اس سے نقل و حمل کی سہولت  اورکارکردگی میں اضافہ ہوگا،  ہم عوام کو بہتر سے بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں،  وزیر ٹرانسپورٹ پبلک ٹرانسپورٹ کے انفراسٹرکچر کو مزیدبہتر سے بہتر کرے، حکومت سندھ اس حوالے  سے ہرممکن  تعاون فراہم کرے گی۔ 

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے قائد کے عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے جارہے ہیں،ایک زمانے میں کراچی میں کے ٹی سی اور  دیگر صوبے کے اضلاع میں ایس آر ٹی سی چلتی تھی ، ہم نے پیپلز بس سروس  سسٹم شروع کیا جو کامیابی کا سفر طے کر رہی ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ پیپلز بس سروس سندھ حکومت  اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا کامیاب پراجیکٹ ہے ، ہم ریڈ لائن کو جلد مکمل کرنے جا رہے ہیں اور ییلو لائیں پر کام شروع کر دیا ہے ،سندھ حکومت ڈونر ایجنسیز کے ساتھ ملک کے  دیگر صوبوں کی نسبت بہترین کام کر رہی ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 2022 کے  تباہ کن سیلاب  کے دوران سندھ حکومت اپنے عوام کے ساتھ کھڑی رہی ، ہم نے اپنے عوام کی سہولت کے لیے ہر ممکن کام کیا ہے، آج سیلاب کے بعد سندھ میں گندم کی بمپر فصل پیدا ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ  ہم پر تنقید ہوتی ہے کہ پیپلز پارٹی گورنمنٹ نے کراچی میں  ترقیاتی کام نہیں کیے، ایک دور تھا جب ہم روزانہ ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں اور جلائو گھیرائو جیسے مسائل کا شکار تھے ، امن و امان کی بحالی کے بعد کراچی کی ترقی کے لیے بھرپور کام کیا ہے اور کر رہے ہیں، اگلے ایک مہینے کے اندر پورے پیپلز بس سروس کو خودکار کرائے کے نظام سے منسلک کر یں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم چیئرمین بلاول بھٹو، صدر آصف زرداری کی قیادت میں عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں میری امید سے کم الیکشن میں سیٹس ملیں ، لیکن ماضی کے نسبت اس مرتبہ زیادہ سیٹس اور ووٹ ملے جو کراچی کے عوام کے اعتماد کا مظہر ہے،میں یہ وعدہ کرتا ہوں  کہ ہم پارٹی قیادت کی رہنمائی  سے  زیادہ محنت سے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ماس ٹرانزٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم ٹرانسپورٹیشن کے شعبے میں جدت کو متعارف کروا رہے ہیں، پیپلز بس سروس میں آٹومیٹڈ فیئر کلیکشن سسٹم کی لانچنگ اس کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرایہ کی وصولی کا خودکار نظام شروع شروع میں دو روٹس روٹ ون اور روٹ نائن پر شروع کیا جائے گا اور بہت جلد دیگر روٹس پر یہ نظام شروع کر دیا جائے گا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی ہدایات کی روشنی میں سندھ میں متعدد ایسی اسکیمیں شروع کی گئی ہیں جو پاکستان بھر میں پہلی بار شروع ہوئی ہیں۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!