قیدی وین حملہ، پی ٹی آئی ایم پی اے کے بیٹے سمیت 4 افراد گرفتار، وزیر اطلاعات

قیدی وین حملہ، پی ٹی آئی ایم پی اے کے بیٹے سمیت 4 افراد گرفتار، وزیر اطلاعات

حملے میں تحریک انتشار کے لوگ ملوث ہیں، عطا اللہ تارڑ
قیدی وین حملہ، پی ٹی آئی ایم پی اے کے بیٹے سمیت 4 افراد گرفتار، وزیر اطلاعات

ویب ڈیسک

|

25 Oct 2024

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ قیدی وین پر حملے میں ملوث تحریک انصاف کے رکن اسمبلی سمیت چار افراد کو گرفتار کرلیا۔

سنگجانی ٹول پلازہ پر قیدیوں کی گاڑیوں پر حملے سے متعلق گفتگوکرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کچھ دیر قبل ٹول پلازہ پر قیدیوں کی وینوں پر حملہ کیا گیا، حملہ مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا، گرفتار ملزموں کو فرار کروانے کی کوشش ناکام کی گئی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ تحریک انتشار کے کارکنان نے یہ حملہ کیا ہے، اٹک جیل منتقل کیے جانے والے ملزمان کو فرار کروانے کی ناکام کوشش کی گئی، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حملہ ہوا۔ حملے نتیجے میں پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے رکن صوبائی اسمبلی لیاقت کے صاحبزادے کو گرفتار کیا گیا ہے۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ حملے کیلیے استعمال ہونے والی دو گاڑیاں، دو پستول قبضے میں لیے، حملہ آوروں نے پولیس پر فائرنگ کی اور ملزمان کو فرار کروانے کی کوشش کی، یہ ان کی ایک تاریخ رہی ہے ، سانحہ 9 مئی کو انہوں نے فوج پر حملہ اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ قیدی وین کی رفتار جب آہستہ ہوئی تو چار گاڑیوں میں سوار مسلح کارکنان نے حملہ کیا اور 82 ملزمان کو باقاعدہ فرار کرونے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں فرار ہونے والے 19 افراد کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو پولیس اہلکار اس میں زخمی ہوئے، پولیس نے دلیری اور بہادری سے حملے کو ناکام بنایا، حملہ کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن کیا جائے گا، ایف آئی آر کٹ رہی ہے، گرفتاریاں عمل میں آئیں گی اور ملزمان کو مثال بنایا جائے گا تاکہ مستقبل میں کوئی ایسی حرکت نہ کرے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ردعمل مضحکہ خیز اور فلم کی اسٹوری کی طرح ہے کہ پولیس نے دروازہ کھولا اور کہا بھاگ جاؤ ہم تمھیں آزاد کررہے ہیں،  ٹول پلازے کی ساری سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے،پی ٹی آئی کے ترجمان کو اتنا بڑا جھوٹ بولتے ہوئے شرم آنی چاہیے، جھوٹ، مکر اور فریب کے علاوہ ان کا دوسرا کوئی کام نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد اور گینگ کی طرح قیدیوں کی وین پر حملہ کر کے ملزمان کو فرار کروایا گیا، باقی ملزمان کی شناخت ہوگئی، گاڑیوں کا تعاقب کیا جارہا ہے، سب کو پکڑا جائے گا، اور منصوبہ سازوں کیخلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ریاست کی رٹ کو ہرصورت بحال کیا جائے گا، عدالت اگر 9 مئی کے ملزمان کو سزا دیتی تو ایسے حملے کرنے کی جرات نہیں ہوتی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ چار لوگوں کو حراست میں لے کر باقی ملزمان کا سراغ لگایا جارہا ہے، حملہ کرنے والوں کی تعداد 25 سے 30 تھی، شواہد کی بنیاد پر سب کے خلاف بلا تفریق کارروائی کریں گے۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!