ریلوے کی زمین کے الیکٹرک کو فروخت کرنے کی قرارداد منظور

ویب ڈیسک
|
20 May 2025
کراچی میونسپل کارپوریشن نے کے الیکٹرک کو ریلوے کی زمین فروخت کرنے کی قرارداد منظور کرلی۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی (KMC) کے کونسل اجلاس میں کے الیکٹرک کو ایلنڈر روڈ ریلوے کوارٹر میں واقع زمین 2 لاکھ 75 ہزار روپے فی گز کی قیمت پر فروخت کرنے کی قرارداد منظور کر لی گئی۔
قراردار میں لکھا گیا ہے کہ زمین کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم شہری ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ یہ رقم کے الیکٹرک کے بلوں کی ادائیگی میں استعمال ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پہلے ہی حکم دیا تھا کہ کے الیکٹرک اور KMC مل کر اس معاملے کا حل نکالیں۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سڑکوں، گلیوں اور تجارتی مراکز پر میونسپل لائنوں کا پانی استعمال کرکے گاڑیاں دھونے پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اس کا مقصد شہر میں پانی کے ضیاع کو روکنا ہے۔
میئر کراچی کا موقف ہے کہ ایلنڈر روڈ کی زمین طویل عرصے سے کے الیکٹرک کے پاس تھی، اب ہم ان کا بل ادا کر سکیں گے۔ کلری کی زمین پر کے پی ٹی کے دعوے پر کام جاری ہے، ہم اسے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔"
انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ وہ نیپرا کے ذریعے کے الیکٹرک کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ روکنے پر پابند کریں۔
اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ "کے الیکٹرک اور KMC کے درمیان تنازعات پر مزید بات چیت کی ضرورت ہے، کے الیکٹرک نے KMC کو ادا کیے جانے والے واجبات کا معاملہ بھی حل ہونا چاہیے۔"
میئر کراچی نے وزیراعظم کو غیر اعلانیہ بجلی کٹوتیوں کے خلاف خط لکھنے کا اعلان کیا۔ جبکہ اپوزیشن کو یقین دلایا کہ شہر میں پانی اور بجلی کے مسائل پر مزید اقدامات کا فیصلہ جلد کیا جائے گا۔
Comments
0 comment