ریاست مخالف سوشل میڈیا پروپیگنڈا، پی ٹی آئی رہنما جے آئی ٹی کے سامنے پیش

ویب ڈیسک
|
11 Mar 2025
ریاست مخالف پروپیگنڈے سے متعلق تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی طلبی پر تحریک انصاف کے رہنما جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجہ، رؤف حسن، کنول شوزب، اسد قیصر اور چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو الگ الگ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے لیے بلایا گیا۔ ان سے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف بیانیے کے حوالے سے تحقیقات کی گئیں۔
رہنماوں سے تقریباً ایک گھنٹہ تک سوالات کیے گئے، جس کے بعد انہیں ایک سوالنامہ بھی دیا گیا۔ جے آئی ٹی نے انہیں سوالنامے کے تحریری جوابات جلد از جلد جمع کرانے کی ہدایت کی۔
سلمان اکرم راجہ سب سے پہلے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے، جب کہ رؤف حسن، کنول شوزب، اسد قیصر اور عالیہ حمزہ کو بالترتیب دوسرے، تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر بلایا گیا۔ عالیہ حمزہ اور کنول شوزب کے ہمراہ ان کے وکیل علی عمران بھی پیش ہوئے۔
ذرائع کے مطابق تمام رہنماوں سے ٹویٹر اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریاست مخالف پروپیگنڈے کے بیانیوں کے حوالے سے سوالات کیے گئے۔ تحقیقات کا یہ سلسلہ جاری ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
Comments
0 comment