کراچی میں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ، گرمی مزید بڑھنے کا امکان
ویب ڈیسک
|
29 Apr 2024
شہر قائد میں اتوار رواں سال کے گرم ترین دن کے طور پر ریکارڈ کیا گیا اور درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کو شہر میں گرم و مرطوب دن ریکارڈ ہوا،سمندری ہوائیں متاثر ہونے کے سبب دن کے وقت لو کے تھپیڑے لے،ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد تک بڑھنے کے باعث اصل درجہ حرارت سے زیادہ گرمی محسوس کی گئی۔
شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گذشتہ روز کے مقابلے میں 2.9 ڈگری اضافے سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا،واضح رہے کہ ہفتے کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.1 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق آج سے بلوچستان کی شمال مغربی ہواوں کے شہر پر اثرانداز ہونے اور سمندری ہواوں کی مختصر وقت کے لیے بندش کے نتیجے میں گرمی کی جذوی لہر کا امکان ہے۔
جس کے دوران زیادہ سے زیادہ پارہ 39 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے،ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
چیف میٹرلوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق گرمی کی جذوی لہر کے دوران ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ ہوا میں اس دوران نمی کا تناسب 10 تا 20 فیصد رہیگا۔
Comments
0 comment