شیر افضل مروت کو لاہور میں پنجاب پولیس نے گرفتار کرلیا

شیر افضل مروت کو لاہور میں پنجاب پولیس نے گرفتار کرلیا

شیر افضل مروت کو لاہور ہائیکورٹ کے گیٹ پر حراست میں لیا گیا، وکلا کی مزاحمت بھی رائیگاں گئی
شیر افضل مروت کو لاہور میں پنجاب پولیس نے گرفتار کرلیا

ویب ڈیسک

|

14 Dec 2023

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر اور عمران خان کے وکیل ایڈوکیٹ شیر افضل مروت کو پنجاب پولیس نے لاہور ہائی کورٹ کے باہر سے حراست میں لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شیر افضل مروت لاہور ہائیکورٹ بار کی تقریب سے خطاب کر کے باہر نکلے تو انہیں عدالت کے دروازے پر ہی پولیس نے حراست میں لیا تاہم گرفتاری کی وجہ سامنے نہیں آئی۔

پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق شیر افضل مروت کو تحریک انصاف وکلا ونگ نے لاہور ہائی کورٹ بار میں خطاب کی دعوت دے رکھی تھی۔ جس سے شیر افضل مروت نے خطاب بھی کیا اور پھر اسی دوران عدالت کے باہر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔

ترجمان پی ٹی آئی نے بتایا کہ شیر افضل مروت لاہور ہائیکورٹ کے جی پی او گیٹ سے وکلا کے ہمراہ باہر نکلے تو انہیں اینٹی رائٹس فورس کے اہلکاروں نے گھیرے میں لے کر حراست میں لیا۔ اس دوران وکلا نے مزاحمت کی کوشش کی جسے اہلکاروں نے ناکام بنادیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شیر افضل مروت کو گرفتاری کے بعد تھانہ مزنگ میں رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ چند دن پہلے بھی ‏شیر افضل مروت کی قبائلی ضلع باجوڑ جاتے ہوئے گرفتار کیے جانے کی اطلاعات ملی تھی، تاہم کچھ دیر بعد ان کے ایکس اکاؤنٹ سے ٹویٹ کیا گیا کہ شیر افضل مروت کو گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ وہ محفوظ مقام پر ہیں۔

شیر افضل مروت نے خود اعتراف کیا تھا کہ انہیں پولیس نے ’اغوا‘ کرنے کی کوشش کی جسے کارکنوں نے ناکام بنایا اور وہ چکمہ دے کر وہاں سے نکلنے میں بھی کامیاب ہوگئے ہیں، بعد ازاں باجوڑ کنونشن کے بعد بھی انہیں پولیس نے گھیرے میں لیا تھا مگر گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تھی۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!