اسلام آباد دھماکا، یہ جو دہشت گردی آئی ہے اس کے پیچھے پی ٹی آئی ہے، وزیر اطلاعات
ویب ڈیسک
|
7 Feb 2026
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جو دہشت گردی آئی ہے اس کے پیچے پی ٹی آئی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ خودکش حملہ آور متعدد بار افغانستان گیا اور اس نے وہیں شدت پسندانہ تربیت حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ کسی ایک طبقے پر نہیں بلکہ پوری قوم پر حملہ ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، ان کا مقصد صرف خوف و ہراس پھیلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے اور اسلام آباد واقعے میں تحقیقات نے اہم پیش رفت کر لی ہے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق حملے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نمازِ جمعہ کے دوران عبادت گزاروں کو نشانہ بنانے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور ملک میں فرقہ واریت، نفرت اور تشدد کے لیے کوئی جگہ نہیں۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ادارے دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر رہے ہیں اور وزیر اعظم نے وزیر داخلہ کو انسداد دہشت گردی کے اقدامات مزید تیز کرنے کی واضح ہدایات دے دی ہیں۔
Comments
0 comment