سندھ حکومت کا میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج کی تاریخوں کا اعلان
Webdesk
|
4 Jun 2026
کراچی : سندھ حکومت نے صوبے بھر میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کرنے کی تاریخوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
فیصلے کے مطابق صوبہ بھر میں میٹرک کے نتائج 10 جولائی جبکہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج 31 جولائی تک لازمی جاری کر دیے جائیں گے۔
یہ اہم فیصلے وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز محمد اسماعیل راہو کی زیر صدارت سیکریٹری جامعات کے دفتر میں منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس میں کیے گئے۔
اجلاس میں سیکریٹری جامعات محمد عباس بلوچ اور صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں حال ہی میں مکمل ہونے والے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کیسالانہ امتحانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز نے اپنے اپنے ڈویژنوں میں امتحانی عمل کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ صوبے کی تمام ڈویژنوں میں میٹرک کا رزلٹ 10 جولائی اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج 31 جولائی تک ہر صورت جاری کر دیے جائیں تاکہ طلبہ کو آگے اعلی تعلیم کے لیے بروقت داخلوں میں آسانی اور سہولت میسر آ سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت تمام تعلیمی بورڈز میں شفافیت، میرٹ اور امتحانی نظام کی بہتری کے لیے ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی۔
اجلاس میں چیئرمینز کی جانب سے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نویں اور گیارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان 31 اگست تک کر دیا جائے گا۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سکھر ڈویژن میں امتحانات کے دوران ناقص کارکردگی (زیرو پرفارمنس) دکھانیوالی ٹیموں کی ڈیوٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔
Comments
0 comment