سپریم کورٹ نے عمران خان کے 6 مقدمات سماعت کیلیے مقرر کردیے
ویب ڈیسک
|
13 Feb 2026
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے چھ مختلف مقدمات کو سماعت کیلیے مقرر کرلیا۔
اس کے علاوہ سابق خاتون اول اور عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور شاہ محمود قریشی کے ایک، ایک کیس کو باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے۔
رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے مطابق ان مقدمات کی سماعت 18 فروری کو ہوگی۔
کیسز کی سماعت کے لیے جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ تشکیل دیا گیا ہے، جس میں جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم بھی شامل ہیں۔
عدالت عظمیٰ میں مقرر مقدمات میں توشہ خانہ فوجداری کیس بھی شامل ہے، جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے دی گئی سزا کی معطلی سے متعلق درخواست پر غور کیا جائے گا۔
اسی طرح پنجاب حکومت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کے خلاف دائر اپیل اور بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کی سرکاری درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی بریت کے خلاف اپیل، 9 مئی کے لاہور میں درج مقدمات میں عمران خان کی ضمانت کے خلاف سرکاری درخواست اور ہتکِ عزت کے کیس میں وزیرِاعظم شہباز شریف کے خلاف بانی پی ٹی آئی کی اپیلیں بھی عدالت میں زیرِسماعت آئیں گی۔
سپریم کورٹ میں ان اہم مقدمات کی سماعت کو ملکی سیاست اور قانونی حلقوں میں غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔
Comments
0 comment