ستائیس جون کو عمران خان جیل سے باہر آسکتے ہیں، رانا ثنا اللہ کی پیشگوئی

ستائیس جون کو عمران خان جیل سے باہر آسکتے ہیں، رانا ثنا اللہ کی پیشگوئی

عمران خان جیل سے آ بھی گئے تو کوئی طوفان نہیں آئے گا، لیگی رہنما
ستائیس جون کو عمران خان جیل سے باہر آسکتے ہیں، رانا ثنا اللہ کی پیشگوئی

Webdesk

|

26 Jun 2024

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی 27 جون کو جیل سے باہر آسکتے ہیں۔

عدت میں نکاح کیس کا فیصلہ محفوظ ہونے کے پیش نظر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جتنے زیادہ دن جیل میں رکھا جاسکے رکھا جائے، حکومت آئین و قانون کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان جیل سے باہر آ بھی گئے تو کوئی طوفان نہیں آجائے گا، دو چار روز لوگ اُن کے ساتھ ہوں گے پھر سب اپنے اپنے کاموں میں لگ جائیں گے کیونکہ عمران خان کی مشہوری صرف سوشل میڈیا تک محدود ہے اور اُسے نو مئی کے بعد قوم نے مسترد کردیا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو انقلاب لانا نہیں اور یہ مذاکرات پر یقین نہیں رکھتے، انہیں معلوم تک نہیں کہ کرنا کیا ہے، جمہوریت میں مذاکرات کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں، اسی سے معاملات حل ہوں گے۔

مشیر وزیر اعظم نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے کوئی بات کردی تو پی ٹی آئی اُن سے مینڈیٹ واپس لے لے گی، بانی پی ٹی آئی جمہوریت اور مذاکرات پر یقین نہیں رکھتے جبکہ ہم سیاسی اور جمہوری لوگ ہیں اس لیے کئی بار عمران خان کو مذاکرات کی پیش کش کی مگر وہ ہاتھ ملانے کو تیار نہیں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی جمہوریت کی بات کرے تو ہمیں اس کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے، جو بات کل کی وہی آج کررہے ہیں اور مستقبل میں بھی وہی کریں گے۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!