سیاسی جماعتیں دائرے تک محدود رہیں اور فوج کو سیاست سے دور رکھیں، ترجمان پاک فوج کی اپیل

ویب ڈیسک
|
27 Jun 2025
ڈی جی ائی ایس پی ار لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں خود کو اپنے دائرہ تک محدود رکھے اور فوج کو سیاست میں ناگسیٹیں بلکہ اس کو سیاست سے دور ہی رکھیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اپنے حالیہ بیانات میں پاکستان کی مسلح افواج کے موقف کو واضح کیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ فوج سیاسی جماعتوں سے کسی قسم کے مذاکرات یا رابطوں میں دلچسپی نہیں رکھتی اور اس معاملے میں مکمل غیرجانبداری کا رویہ اپنائے ہوئے ہے۔
ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ افواجِ پاکستان کا کام صرف اور صرف ریاستِ پاکستان کے احکامات پر عمل کرنا ہے، جو کہ آئین کے مطابق منتخب سیاسی جماعتوں پر مشتمل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم ہمیشہ اس بات پر واضح رہے ہیں کہ سیاست سیاستدانوں کا میدان ہے، جبکہ فوج کا کام ملک کی سلامتی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے"۔
سیاسی عدم استحکام کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ سوالات سیاسی جماعتوں سے پوچھنے چاہئیں، نہ کہ فوج سے۔ ان کا کہنا تھا کہ "بعض سیاسی قوتیں اپنی ناکامیوں اور کمزوریوں کو چھپانے کے لیے فوج کو متنازع بنانے کی کوشش کرتی ہیں"۔
فوج کے کردار کے بارے میں انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہمیشہ سے اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ "جب معرکہِ حق آیا تو کیا فوج نے اپنا کام کیا یا نہیں؟ کیا قوم کو کسی پہلو میں فوج کی کمی محسوس ہوئی؟"۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ افواجِ پاکستان کی اولین ترجیح پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم صرف اندرونی طور پر ہی نہیں بلکہ بحیثیت قوم بھی متحد ہیں"۔
فوج کے غیر روایتی کردار کے حوالے سے انہوں نے وضاحت کی کہ کورونا وائرس کے دوران این سی او سی کی قیادت، پولیو مہمات میں تعاون، اور دیگر سماجی خدمات حکومتِ پاکستان کے احکامات پر کی گئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم عوام کی فوج ہیں اور حکومت کے احکامات پر عوام کی بھلائی کے لیے کام کرتے ہیں"۔
آخر میں انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی سیاست کو اپنے دائرے تک محدود رکھیں اور فوج کو سیاسی معاملات سے دور رکھیں۔
Comments
0 comment