وزیراعلی گنڈا پور کا ڈی چوک شہدا کا بدلہ لینے کا عندیہ

وزیراعلی گنڈا پور کا ڈی چوک شہدا کا بدلہ لینے کا عندیہ

پشاور میں پی ٹی آئی کے ڈی چوک شہدا کیلیے تعزیتی تقریب، وزیراعلیٰ کی لواحقین سے ملاقات
وزیراعلی گنڈا پور کا ڈی چوک شہدا کا بدلہ لینے کا عندیہ

ویب ڈیسک

|

15 Dec 2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ سانحہ ڈی چوک میں جانیں قربان کرنے والے شہدائے جمہوریت اور شہدائے حقیقی آزادی ہیں، ہم ان کے لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں۔

پشاور میں منعقدہ ڈی چوک شہدا کے ایصال ثواب کیلیے تقریب میں وزیراعلیٰ نے شہدا کے لواحقین سے ملاقات کی اور اُن کے جذبے کو سراہا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ڈی چوک میں جانیں قربان کرنے والے شہدائے جمہوریت اور شہدائے حقیقی آزادی ہیں، انہوں نے ملک کےلئے اپنی جانیں قربان کردیں، ہم انہیں اور ان کے بہادر لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ ان شہداءکا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہدا کا خون رنگ لائے گا اور بالآخر حق و سچ کی فتح ہوگی۔ ہم یقین دلاتے ہیں کہ ان شہداءکے خون حساب ضرور لیا جائے گا اور جب تک انصاف نہیں ملتا تب تک یہ سوال پوچھا جائے گا کہ گولی کیوں چلائی، کس نے چلائی اور کس کے کہنے پر چلائی؟

انہوں نے کہاکہ ’’ہماری جدوجہد صرف پی ٹی آئی یا عمران خان کی نہیں بلکہ یہ ملک و قوم، حق و سچ ، انصاف اور حقیقی آزادی کی جدوجہد ہے اورمقاصد کے حصول تک یہ جدوجہد جاری رہے گی"۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ’’اگر ظالم اور بے رحم حکمران طاقت کے نشے میں یہ سمجھ رہے ہیںکہ وہ طاقت کے زور سے ہمیں دبائیں گے تو میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ یہ فرعونی سوچ ہے اور فرعونی سوچ کا انجام ہمیشہ عبرتناک ہوتا ہے"۔

علی امین گنڈاپورنے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا لیکن آج کے ظالم حکمران طاقت کے نشے میں آئین و قانون، انسانیت اور اسلامی تعلیمات سب کو روند رہے ہیں لیکن میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ ان کا انجام بہت جلد برا ہونے والا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈی چوک میں شہید ہونے والے اس قوم کے بچے تھے اور اپنے آئینی حق کے مطابق پر امن احتجاج کر رہے تھے انہیں جس نے بھی گولیاں ماری ہیں وہ کبھی بھی سکون کی زندگی نہیں گزار سکیں گے۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ اگر کوئی یہ سوچتا ہے کہ وہ ظلم اور جبر کے ذریعے ہمیں دبائیں گے تو یہ ان کی بھول ہے ، ہم تب تک قربانیاں دیتے رہیں گے جب تک اسلام کے نام پر قائم اس ملک میں قانون اور انصاف کا نظام رائج نہیں ہوتا اور وہ وقت قریب ہے جب یہ قوم عمران خان کی قیادت میں ایک عظیم قوم بنے گی۔

قبل ازی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ سول نافرمانی سمیت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ہر فیصلے پر عمل کریں گے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں انٹرنیشنل میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دور میں امن و امان کی صورتحال بالکل ٹھیک تھی، پی ڈی ایم کی حکومت کے آنے کے بعد امن و امان کی صورتحال خراب ہوگئی، اداروں کو دیگر کام چھوڑ کر پی ٹی آئی ختم کرنے پر لگا دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب مجھے حکومت ملی تو حالات انتہائی خراب تھے لیکن انہیں بہتر بنانے پر پوری توجہ ہے، کچھ علاقوں میں فرنٹ لائن پر پولیس کو لے آئے ہیں، ضم اضلاع میں پولیس کو مضبوط بنانے پر بھرپور کام جاری ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں، باقی صوبوں سے ہماری کار کردگی بہترین ہے، آئی ایم ایف کا ٹارگٹ ہم نے حاصل کر لیا ہے،اب تک کسی دوسرے صوبے نے یہ ٹارگٹ حاصل نہیں کیا، گذشتہ 9 ماہ میں ہم نے اپنی آمدن میں 44 فیصد اضافہ کیا ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!