آزاد کشمیر کے عوام کی جدوجہد کامیاب، بجلی فی یونٹ 3 روپے آٹا پچاس روپے کلو کرنے کا اعلان
ویب ڈیسک
|
13 May 2024
وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے 23 ارب روپے کی فوری فراہمی کی منظوری دے دی، جس کے تحت آزاد کشمیر میں بجلی کی قیمت انتہائی کم کردی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر خصوصی اجلاس ہوا۔ جس میں وزیرِاعظم آزاد جموں و کشمیر، آزاد حکومت کے وزرا اور اعلی سیاسی قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اور اتحادی جماعتوں کے زعما نے بھی شرکت کی۔ اہم بیٹھک میں آزاد کشمیر کی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا جس کے بعد وزیراعظم نے مسائل کے حل کیلیے 23 ارب روپے فوری فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم کے اعلان کے بعد آزاد کشمیر میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کردی گئی جس کا محکمہ توانائی نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔
نوٹٰ فکیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں گھریلو استعمال والے صارفین کے لیے بجلی کے 1 سے 100 یونٹ تک کی فی یونٹ قیمت تین روپے جبکہ 101 سے تین سو یونٹ تک قیمت 5 اور تین سو سے زیادہ یونٹ پر قیمت 6 روپے مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق کمرشل استعمال پر 300 یونٹ استعمال پر بجلی کی فی یونٹ قیمت 10 روپے اور اس سے زائد یونٹس کے استعمال پر فی یونٹ بجلی کی قیمت 15 روپے ہوگی۔
وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کابینہ ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ سستی بجلی اور سستی روٹی کے مطالبات کو کوئی ذی شعور انکار نہیں کرسکتا، وزیراعظم پاکستان نے معاشی مشکلات اور تحفظات کے باوجود فوری طور پر بجلی اور گندم پر سبسڈی کے نوٹیفکیشن جاری کردیے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے آٹے کا ریٹ 3100 روپے فی من تھا، جس پر 1100 روپے سبسڈی دی گئی ہے جس کے نتیجے میں نئی قیمت 2 ہزار روپے من ہوگئی۔
انہون نے بتایا کہ اس سے قومی خزانے پر 23ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا جس کو وزیراعظم نے خوشدلی سے منظور کیا، ان معاملات کو حل کرنے کیلئے فوج کے سربراہ نے اہم کردار ادا کیا۔ آزاد کشمیر میں 40 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار روپے اور ایک کلو آٹا 50 روپے کا ہوگیا۔
Comments
0 comment