حج سیزن کے دوران پہلی بار سیلف ڈرائیونگ ایئر ٹیکسی سروس متعارف
Webdesk
|
13 Jun 2024
ریاض: سعودی عرب کی حکومت حج اور عمرہ سیزنوں کے دوران عازمین کی سہولت اور راحت و آرام کے ساتھ مناسک کی ادائی کو یقینی بنانے کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔
اس حوالے سے مملکت نے اس بار عازمین کی نقل وحرکت کے لیے سیلف ڈرائیونگ ایئر ٹیکسی سروس متعارف کرائی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر ٹرانسپورٹ انجینیر صالح بن ناصر الجاسر نے مکہ مکرمہ میں سیلف ڈرائیونگ ایئر ٹیکسی کے ٹرائل کا افتتاح کیا۔
پہلی بار متعارف کرائے گئے تجربے میں شامل اس ایئرٹیکسی سروس کی کئی خصوصیات ہیں۔ان میں برقی نظام کے تحت چلنے والی ایئر ٹیکسی کو عمودی طور پر ٹیک آف کیا جا سکتا ہے۔
یہ طیارہ نما ٹیکسی دنیا کی پہلی ہوائی ٹیکسی ہے سعودی عرب کے جسے سول ایوی ایشن اتھارٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
سیلف ڈرائیونگ ایئر ٹیکسی سروس عازمین حج کی مشاعر مقدسہ تک آمد ورفت کے لیے ایک انقلابی سروس ہے جو حجاج کی نقل وحرکت کے ساتھ طبی آلات کی نقل و حمل، سامان کی ترسیل اور لاجسٹک خدمات کی فراہمی میں مدد گار ہوسکتی ہے۔
الجاسر نے کہا کہ ہوائی ٹیکسی کے تجربے کا آغاز نقل و حمل اور لاجسٹکس کے نظام کے اقدام کا حصہ ہے۔
یہ اقدام مستقبل کی جدید ترین نقل و حمل کی ٹیکنالوجیز کو لاگو کرنے، نئے اور جدید ماحول دوست نقل و حمل کے ماڈلز کو اپنانے، مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز پر انحصار کرنے اور جدید نقل و حمل کے شعبے کی پائیداری کے لیے مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے حصول کی طرف پیش رفت کرنا ہے۔
Comments
0 comment