2 کروڑ کے مویشی چھین کر فرار ہونے والے 6 ڈاکو گرفتار
Webdesk
|
12 Jun 2024
کراچی : سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے 2 کروڑ کے مویشی چھین کر فرار ہونے والے 6 ڈاکو گرفتار کر لیے۔تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ایک بڑی کارروائی کی ہے، جس میں چھ ڈاکو پکڑے گئے، اور ان کے قبضے سے 35 بچھڑے برآمد کیے گئے۔
ایس ایس پی ایسٹ فرخ رضا کے مطابق پکڑے جانے والوں میں ظفر، شاہ مراد، پھنو، قادر بخش، سعید احمد اور عثمان نامی افراد شامل ہیں۔
معلوم ہوا کہ رحیم یار خان سے بیوپاری اپنے مویشی فروخت کے لیے لایا تھا، ناردرن بائی پاس مویشی منڈی پر کچھ افراد کے ساتھ جانوروں کا سودا کیا گیا، ملزمان نے 41 جانور لوڈ کروائے اور پیسے طے کیے، 4 لاکھ روپے ٹوکن کے بھی دے دیے اور پھر گاڑیاں الاعظم اسکوائر کی طرف لے گئے۔
متاثرہ بیوپاری کا کہنا تھا کہ راستے میں اچانک ڈاکوئوں نے اسلحہ نکالا اور ان کو گاڑی سے زبردستی اتار دیا، اور تمام مویشی لے کر فرار ہو گئے، معلوم ہوا کہ ڈاکوں نے مویشی چھیننے کے بعد سہراب گوٹھ میں ایک باڑے پر کھڑے کر دیے تھے۔
سائٹ سپر ہائی وے پولیس کو جب کنٹرول پر اطلاع ملی تو ایس ایچ او پولیس ٹیم کے ہمراہ حرکت میں آ گئے، اور کارروائی کے دوران 35 بچھڑے برآمد کر لیے گئے۔ ایس ایس پی ایسٹ فرخ رضا کے مطابق گرفتار ملزمان سے دیگر مویشیوں سے متعلق تفتیش جاری ہے۔
Comments
0 comment