1 hour ago
عمران خان کو سخت سیکیورٹی میں پمز اسپتال لایا گیا، وزیر اطلاعات کی تصدیق
ویب ڈیسک
|
29 Jan 2026
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گزشتہ ہفتے اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آنکھ سے متعلق ایک طبی کارروائی کی گئی۔
عطا اللہ تارڑ کے مطابق عمران خان کا ابتدائی طبی معائنہ جیل میں ماہر ڈاکٹروں نے کیا، جس کے بعد آنکھوں کے ماہرین کی سفارش پر انہیں ہفتے کی رات دیر گئے سخت سکیورٹی میں علاج و معالجے کیلیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں مزید طبی جانچ کے بعد عمران خان کی تحریری اجازت سے تقریباً 20 منٹ کا مختصر علاج کیا گیا، جس کے بعد انہیں واپس جیل منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف اور بعض میڈیا رپورٹس میں عمران خان کی آنکھ کی صحت سے متعلق خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
پارٹی رہنماؤں کا مطالبہ ہے کہ عمران خان کی طبی حالت کے بارے میں واضح معلومات فراہم کی جائیں اور اہل خانہ کو ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
تاہم حکام کی جانب سے اسپتال کے دورے اور طبی عمل کے علاوہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
Comments
0 comment