بلوچستان میں بدامنی عروج پر، مختلف شہروں میں دھماکے
Webdesk
|
1 Feb 2024
پولیس نے بتایا کہ جمعرات کو بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، تربت اور نصیر آباد میں ہونے والے تین مختلف دھماکوں میں ایک شخص ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔
سینئر سپرٹینڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز جواد طارق نے دھماکوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پہلا دھماکہ کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ میں ہوا جس میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق نصیر آباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار بھٹی پھاٹک پر موٹر سائیکل سوار نے ہوٹل پر دستی بم سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔
تربت کے مرکزی بازار مولانا عبدالحق چوک پر دستی بم کے دھماکے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔
جائے وقوعہ پر پہنچ کر پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔
یہ دھماکے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ملک 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
تاہم، خیبر پختونخواہ (کے پی) اور بلوچستان میں دہشت گردی کے حملوں میں حالیہ اضافے نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو دونوں صوبوں میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے پر مجبور کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انتخابی ادارہ گزشتہ چند ہفتوں سے سیاسی جلسوں، دفاتر اور امیدواروں پر حملوں کے بعد دونوں صوبوں میں انتخابات میں تاخیر پر غور کر رہا ہے۔
Comments
0 comment