بلوچستان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان پر زمین تنگ، 41 ہلاک

بلوچستان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان پر زمین تنگ، 41 ہلاک

کارروائیاں 29 جنوری کو کی گئیں، ترجمان پاک فوج
بلوچستان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان پر زمین تنگ، 41 ہلاک

ویب ڈیسک

|

30 Jan 2026

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر دو الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 41 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 29 جنوری کو کی گئیں۔ پہلی کارروائی ضلع ہرنائی کے نواحی علاقے میں کی گئی، جہاں دہشتگردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کے بعد فورسز نے مؤثر کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران بھارتی پراکسی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 30 دہشتگرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے وابستہ تھے۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا، جسے موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔

دوسری کارروائی ضلع پنجگور میں خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں دہشتگردوں کے ایک اور ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ اس آپریشن میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجگور میں مارے گئے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور وہ رقم بھی برآمد ہوئی جو 15 دسمبر 2025 کو ایک بینک ڈکیتی کے دوران لوٹی گئی تھی۔ ہلاک دہشتگرد ماضی میں بھی متعدد دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!