فیصل آباد میں ڈاکوؤں کی واردات کے بعد شوہر کے سامنے خاتون سے اجتماعی زیادتی
ویب ڈیسک
|
12 Aug 2024
پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ڈکیتی کے دوران ملزمان نے مبینہ طور پر خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ تھانہ ساندل بار کی حدود میں پیش آیا۔ جس میں موٹر سائیکل پر سوار دو ڈاکوؤں نے فیملی کو روک کر شوہر سے موبائل فون اور نقدی لوٹی جبکہ خاتون کو میدان میں لے جاکر اسلحے کے زور پر اُس کے ساتھ شوہر کے سامنے زیادتی کی۔
متاثرہ کی شکایت پر دونوں ملزمان کے خلاف ڈکیتی اور زیادتی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمہ کے اندراج کے بعد پولیس نے جیو فینسنگ کی مدد سے تین افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی۔
اس سے قبل 2 اگست کو ساہیوال میں ڈکیتی کے دوران خاتون کو اس کے شوہر کے سامنے دو مسلح ڈاکوؤں نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ اسی طرح کے ایک واقعے میں 25 جولائی کو پنجاب کے شہر حافظ آباد میں ایک خاتون کو اس کے شوہر اور بیٹی کے سامنے تین ڈاکوؤں نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
اسسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، 2023 میں پنجاب میں خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس میں لاہور اور فیصل آباد سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع ہیں۔
خواتین کے خلاف تشدد کے تقریباً 10,201 مقدمات PPC کی دفعہ 354 (عورت پر حملہ یا اس کی عزت کو مجروح کرنے کے ارادے سے مجرمانہ زبردستی) اور 509 (لفظ، اشارہ یا فعل جس کا مقصد کسی خاتون کی عزت نفس کی توہین کرنا ہے) کے تحت درج کیا گیا۔
Comments
0 comment