19 hours ago
گلستان جوہر میں انجینئر کو ذبح کرنے کا معمہ حل، بیوی کا کزن گرفتار
ویب ڈیسک
|
8 Jan 2025
گلستان جوہر انویسٹی گیشن پولیس نے 4 دسمبر کو ہندو سول انجینئر 35 سالہ راہول کمار ولد راج کمار کے قتل میں ملوث ملزم شنک شرما کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق مقتول راہول کمار کو تین اور چار دسمبر 2025 کی درمیانی شب قتل کیا گیا تھا ، واقعے کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی تھی جس میں دیکھا گیا تھا کہ قاتل اپنا حلیہ تبدیل کر کے گھر میں داخل ہوا تھا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم شنک شرما کی شناخت کی گئی ، ملزم شنک کمار مقتول کی اہلیہ کا قریبی رشتے دار بتایا جاتا ہے ، مقتول کے اہل خانہ نے بھی گرفتار ملزم پر شک کا اظہار کیا تھا۔
مقتول راہول کمار کی بیوی نے قتل کے واقعے کی اطلاع دیر سے دی اور واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی بھی کوشش کی تھی ، گرفتار ملزم کے ساتھ سول انجینئر راہول کمار کے قتل میں اور کون کون ملوث ہے جس کی تفتیش جاری ہے بہت جلد معاملے کی تہہ تک پہنچ جائیں گے۔
واضح رہے شارع فیصل تھانے کی حدود میں واقع علاقے گلستان جوہر بلاک 19 امام بارگاہ والی گلی میں لاکھانی اپارٹمنٹ سے متصل رہائشی اپارٹمنٹ کے فلیٹ میں تین اور چار دسمبر کی درمیانی شب تقریبا ڈھائی بجے تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے گلستان جوہر بلاک 14 میں واقعے نجی اسپتال منتقل کیا ، مقتول کی شناخت 35 سالہ راہول کمار ولد راج کمار کے نام سے کی گئی تھی ، مقتول سول انجنئیر تھا اور کنٹریکٹ پر کام کرتا تھا ، آبائی تعلق اندرون سندھ شکار پور سے تھا ،
مقتول کی اہلیہ نے واردات کے تین سے چار گھنٹے بعد پولیس کو اطلاع دی ، مقتول کی اہلیہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ کوئی شخص ان کے گھر میں داخل ہوا جو ماسک لگایا ہوا تھا اس نے چھری سے راہول کو ذبح کر دیا۔
پولیس نے مقتول کی اہلیہ کو شک بنیاد پر شامل تفتیش کر لیا تھا ، رہائشی عمارت میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی پولیس نے فوری طور پر حاصل کر لی تھی ، پولیس کے مطابق فوٹیج میں ماسک لگائے شخص کو آتے اور جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
علاقہ مکینوں نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا تھا کہ مقتول اور اس کی اہلیہ کو اس فلیٹ میں شفٹ ہوئے ایک ماہ سے بھی عرصہ ہوا تھا ، اس لیے ان کے بارے میں کسی کو زیادہ معلومات نہیں تھیں ، مقتول کی کوئی اولاد نہیں تھی ، شادی کو بھی زیادہ عرصہ نہیں ہوا تھا ۔
Comments
0 comment