21 hours ago
گندم کی فصل میں حصہ کم ملنے پر بیوی نے شوہر کو قتل کردیا

ویب ڈیسک
|
19 Apr 2025
پنجاب میں بیوی نے گندم کی فصل سے کم حصہ ملنے پر شوہر کو بہیمانہ تشدد کر کے قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے علاقے شاہکوٹ کے نواحی گاؤں 35/32-چودہ ایل میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں گندم کی فصل کے تنازع پر بیوی کے مبینہ بہیمانہ تشدد سے شوہر زندگی کی بازی ہار گیا۔
پولیس کے ابتدائی بیان کے مطابق مقتول نے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر گندم کی فصل کاشت کی تھی۔ تاہم، مرحوم کی بیوی کا مؤقف تھا کہ فصل کی تقسیم میں انصاف نہیں کیا گیا اور ان کے خاندان کو مقررہ حصہ نہیں دیا گیا۔ اسی بنیاد پر میاں بیوی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو جلد ہی شدید جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔
پولیس کے مطابق، جھگڑے کے دوران بیوی نے مبینہ طور پر شوہر پر شدید تشدد کیا، جس سے اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں آئندہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف، افسوس اور صدمے کی فضا چھا گئی ہے۔ مقامی افراد نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ انصاف فراہم کیا جا سکے۔
Comments
0 comment