2 hours ago
ہولناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق
Webdesk
|
16 Feb 2026
نوشہرو فیروز: قومی شاہراہ پر تیز رفتار کار اور ٹریلر کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں کار میں سوار چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، پولیس کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار تمام افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کار لاڑکانہ سے کراچی کی جانب جا رہی تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق سولنگی برادری سے بتایا جا رہا ہے۔
پولیس نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی شناخت کر لی ہے، جاں بحق افراد میں ندیم، غلام سولنگی، عبدالحکیم، حاجی خان، بخشل، سہراب اور منظور شامل ہیں۔
حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ ٹریلر سڑک کے کنارے جا رکا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کیں اور متعلقہ اداروں کو اطلاع دی۔
ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لاشوں کو گاڑی سے نکال کر ایدھی فائونڈیشن کی ایمبولینس کے ذریعے نوشہرو فیروز کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق تمام افراد کو مردہ حالت میں لایا گیا۔پولیس حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی کار لاڑکانہ سے کراچی جا رہی تھی کہ قومی شاہراہ پر حادثے کا شکار ہو گئی۔
جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق نصیر آباد سے بتایا گیا ہے۔ حادثے کے بعد کچھ دیر کے لیے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، جسے پولیس کی مدد سے بحال کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے ٹریلر کو تحویل میں لے کر ڈرائیور سے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کے مطابق ابتدائی طور پر تیز رفتاری کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حتمی رپورٹ تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔
Comments
0 comment