8 hours ago
کراچی: موٹر سائیکل نمبر پلیٹس کی تبدیلی، ٹریفک پولیس نے شہریوں کی مشکل بڑھا دی

Webdesk
|
26 Jun 2025
کراچی میں موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس کی تبدیلی کی مہم کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کی جلد بازی نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔
ای چالان کو جواز بناکر ہزاروں پکڑی گئی غیر مجاز نمبر پلیٹس کو ایکسائز موٹر رجسٹریشن ونگ نے سیف سٹی کے ذریعے چالان کے لیے مسترد کر دیا، عوام کو دوبارہ ایکسائز کی فیچرڈ نمبر پلیٹس حاصل کرنی ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق سیف سٹی کے تحت لگائے گئے کیمروں کے ذریعے ای چالان شروع کرنے کی ٹریفک پولیس کی مہم کے دوران سیف سٹی، محکمہ ایکسائز اور ٹریفک پولیس کے درمیان موثر روابط نہ ہونے سے سیف سٹی شروع ہونے سے پہلے ہی تحفظات کا شکار ہوگیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان نے رابطہ کرنے کے باوجود غیر مجاز نمبر پلیٹس پر پکڑی گئی گاڑیاں چھوڑنے پر تاحال کوئی موقف نہیں دیا۔ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کی گائیڈ لائنز اور پھرتیوں کی وجہ سے عوام کو لاکھوں روپے کا چونا لگ چکا ہے۔
ٹریفک پولیس کی نمبر پلیٹس کے خلاف مہم میں پکڑی گئی موٹر سائیکلیں، جرمانوں اور دکانوں سے حاصل کی جانے والی غیر مجاز نمبر پلیٹس کو ایکسائز موٹر رجسٹریشن نے غیر موثر قرار دیا ہے۔
ایکسائز افسر خدا بخش عباسی نے بتایا کہ مارکیٹ میں غیر مجاز نمبر پلیٹس سے دکانداروں کی چاندی ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کی فیچرڈ موٹر سائیکل نمبر پلیٹس کی فیس 1450 روپے مقرر ہے، جب کہ غیر مجاز نمبر پلیٹس 600 سے 800 روپے میں دی جارہی ہے، جس سے عوام پر مزید بوجھ بڑھ چکا ہے۔
Comments
0 comment