2 hours ago
کراچی: رہائشی عمارت میں گیس لیکیج دھماکا، جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہوگئی
Webdesk
|
19 Feb 2026
کراچی: شہر قائد کے علاقے گل رعنا کالونی سولجر بازار میں ایک گھریلو عمارت میں گیس سلینڈر دھماکے کے نتیجے میں چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد16ہوگئی ہے جبکہ 13زخمی ہیں جن کو طبی امداد دی جارہی ہے ۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ گلی نمبر5 کے قریب آغا خان اسکول کے علاقے میں پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں صبح 4 بجے کے قریب عمارت میں گیس لیکج کے باعث دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں عمارت کا کچھ حصہ گرگیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کوگھیرے میں لیکر سکیورٹی سخت کردی اور ریسکیو اداروں نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
ریسکیو حکام نے بتایاکہ عمارت تین منزلہ ہے اور ہرفلور پر ایک کمرہ قائم ہے، تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک16لاشیں نکالی جاچکی ہیں جن میں 2 بچے بھی شامل ہیں جبکہ13 زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا سحری کے وقت ہوا، جاں بحق ہونے والے16افراد میں 4 بچے اور 3 خواتین بھی شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 کے چیف آپریٹنگ افسر ڈاکٹر عابد جلال الدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ عمارت تین منزلہ تھی اور ہر منزل پر ایک کمرہ قائم تھا۔ دھماکے کے بعد عمارت کا بڑا حصہ زمین بوس ہو گیا جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔
Comments
0 comment