19 hours ago
کراچی: سول اسپتال کے لفٹ آپریٹر کی بچے سے بدفعلی

Webdesk
|
16 Jul 2025
کراچی: سول اسپتال میں ایک کم عمر لڑکے کے ساتھ بدفعلی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ بچے کے والد رشید احمد کی مدعیت میں مقدمہ تھانہ عید گاہ میں درج کرلیا گیا ہے، جبکہ ملزم لفٹ آپریٹر عبد الوحید کو سیکیورٹی گارڈ کی مدد سے گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ سول اسپتال کے آپریشن تھیٹر کمپلیکس کی لفٹ میں پیش آیا، جہاں 14 سالہ لڑکے ارمان کی والدہ گرائونڈ فلور پر سرجیکل وارڈ نمبر ون میں زیر علاج تھیں۔
لڑکے کے والد اور چچا اسپتال کے انتظار گاہ میں بیٹھے ہوئے تھے جبکہ لڑکا اپنی والدہ سے ملنے وارڈ کی جانب گیا۔ایف آئی آر کے متن اور ذرائع کے مطابق لفٹ آپریٹر عبد الوحید نے بچے کو بہلا پھسلا کر لفٹ میں بلایا اور اسے تیسری منزل پر لے جا کر لفٹ کے اندر ہی بدفعلی کا نشانہ بنایا۔
ملزم نے جرم کے بعد لڑکے کو سو روپے دیے اور کسی کو کچھ نہ بتانے کی دھمکی دی۔تاہم بچہ درد اور خوف کے عالم میں نیچے آیا اور والد و چچا کو تمام واقعہ بتایا۔
متاثرہ لڑکے کے والد اور چچا نے فوری طور پر ملزم کو پکڑ لیا، مشتعل ہو کر پٹرول چھڑک کر اسے آگ لگانے کی کوشش بھی کی، تاہم موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت مداخلت کرکے ملزم کو بچایا اور اسے شدید مار پیٹ کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس سرجن کراچی کی رپورٹ میں بھی بدفعلی کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد پولیس نے ملزم کے خلاف کارروائی تیز کر دی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور واقعے کی ہر زاویے سے تحقیقات جاری ہیں۔
Comments
0 comment