کراچی میں عید کے چاندکی خوشی میں ہوائی فائرنگ سے 14 شہری زخمی

ویب ڈیسک
|
30 Mar 2025
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں چاند رات کی خوشی میں ہونے والی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں گیارہ سالہ بچے، دو بچیوں اور خاتون سمیت گیارہ افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ماہ شوال کا چاند نظر آتے ہی کراچی کے مختلف علاقے گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھے۔ پابندی کے باوجود شہریوں نے آزادانہ بغیر کسی خوف کے ہوائی فائرنگ کی۔
ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں اندھی گولیاں لگنے سے قصبہ، حیدر مارکیٹ، اورنگی ٹاؤن، ناظم آباد، فرنٹیئر کالونی سمیت دیگر علاقوں میں شہری زخمی ہوئے۔
اورنگی ٹاؤن قصبہ موڑ پر 9 سالہ بچی آسیہ اور ارم زخمی ہوئے جبکہ اسی علاقے میں ساڑھے گیارہ نمبر پر 35 سالہ خاتون بھی اندھی گولی کی زد میں آئیں۔
اس کے علاوہ لیاری میں گیارہ سالہ بچہ بھی گولی کی زد میں آکر زخمی ہوا۔ اُدھر پولیس نے منگھوپیر میں ایک جبکہ کیماڑی سے تین افراد کو ہوائی فائرنگ کے الزام میں رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جن کے خلاف قتل بالسبب کی ایف آئی آرز درج کی جارہی ہیں۔
Comments
0 comment