کراچی میں بارش، تین افراد نالوں میں بہہ گئے، پانچ بچوں کا محنت کش باپ بھی شامل
ویب ڈیسک
|
5 Feb 2024
شہر قائد میں ہونے والی بارش کے باعث 3 افراد نالوں میں جبکہ ایک شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے بلدیہ، منگھو پیر اور شارع فیصل بلوچ کالونی میں تین لوگ بارش کے بعد جمع ہونے والے پانی سے گھر جانے کی کوشش میں نالوں میں بہہ گئے۔
ان میں سے دو لوگوں کی لاشیں تو گزشتہ روز مل گئیں تھیں جبکہ تیسرے کی لاش بلوچ کالونی کے پُل کے قریب سے صبح ملی۔
اتوارکوبلدیہ ٹاؤن نالے میں سے 45 سالہ سیدمحمد فخرعالم کی لاش ملی تھی متوفی فخرعالم پانچ بچیوں کے باپ اورڈائنگ فیکٹری میں ملازمت کرتے تھے،ہفتے کی شب گھر سے فیکٹری جانے نکلے تھے اورطوفانی بارش کے دوران نالے میں گرکرجاں بحق ہو گئے تھے۔
اتوار کومنگھوپیر ڈگری کالج کے قریب کباڑ کا کام کرنے والا 35 سالہ بشیر خان اپنا ٹھیلا لیکر جا رہا تھا کہ گلی میں بارش کے پانی سے بھرے گہرے گڑھے میں گر کر ڈوب کر جاں بحق ہو گیا تھا۔
ٹیپوسلطان تھانے کےعلاقے شاہراہ فیصل پر قائم بلوچ کالونی پل کے قریب برساتی نالے سےایک شخص کی ڈوبی ہوئی لاش ملی جس کی شناخت پچاس سالہ ڈاکٹر شوکت ناگوری کے نام سے ہوئی۔
ایس ایس پی علینہ راجپر نے بتایا کہ مقتول شاہ لطیف کا رہائشی اور کمسن بیٹی کا باپ تھا۔ متوفی کے دوست نے بتایا کہ اُس نے بارش کے روز ہفتے کی رات دوست کو بلوچ کالونی پُل کے قریب شیل پیڑول پمپ پر چھوڑا اور اُس کے بعد سے رابطہ نہیں ہورہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پیٹرول پمپ کے قریب پانی جمع تھا جبکہ وہاں پر کچھ ہی دور نالہ کھلا ہوا تھا، خدشہ ہے کہ ڈاکٹر ناگوری اُس میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔ متوفی اپنے دوست کے ساتھ ٹیکسٹائل مشینوں کی مرمت اور خرید و فروخت کا کام کرتا تھا۔
Comments
0 comment