2 hours ago
کراچی میں ڈکیتی کی بڑی واردات، تاجر سے 80 لاکھ چھن گئے
Webdesk
|
31 Jan 2026
کراچی میں ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں اور کاروباری طبقے میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ تازہ واقعہ شہر کے مصروف تجارتی علاقے صدر میں پیش آیا، جہاں مسلح ڈاکوؤں نے ایک شہری سے 80 لاکھ روپے لوٹ لیے۔
پولیس کے مطابق واقعہ جمعہ کے روز پیش آیا۔ ویسٹ وہارک کیماڑی میں واقع ایک الیکٹرک کمپنی کے ملازم سلمان نے رقم نکلوانے کے لیے اپنے دو ساتھیوں کو میزان بینک کی کیماڑی برانچ بھیجا تھا۔ تاہم بینک انتظامیہ نے کیش کی عدم دستیابی کا کہہ کر انہیں صدر میں واقع پینوراما سینٹر برانچ جانے کا مشورہ دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملازمین شام ساڑھے پانچ بجے کے قریب پینوراما سینٹر برانچ سے 80 لاکھ روپے نقد رقم حاصل کر کے نکلے اور اسے ایک بیگ میں رکھا۔ جیسے ہی وہ زیب النساء اسٹریٹ پر روبی جیولرز کے قریب سگنل پر پہنچے تو موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے گن پوائنٹ پر رقم چھین لی اور فرار ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزمان شلوار قمیض میں ملبوس تھے اور ان کی عمر تقریباً 35 سے 40 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔
قائم مقام ایس ایچ او پریڈی انسپکٹر شاہ فیصل خان کے مطابق واقعے کا مقدمہ کمپنی کے ملازم کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ اور اطراف کے علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کر کے ملزمان کی شناخت کا عمل شروع کر دیا ہے۔
ادھر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل اور جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور لوٹ مار کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ چند روز قبل کورنگی میں ایک پیٹرول پمپ سے لاکھوں روپے کی رقم لوٹی گئی تھی، جبکہ اس سے قبل کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ایک گھر میں مسلح افراد نے طویل لوٹ مار کی تھی۔ ان واقعات کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں، جبکہ پولیس کی جانب سے تاحال کسی بڑی پیشرفت کی اطلاع سامنے نہیں آ سکی۔
Comments
0 comment