کراچی میں مزید 2 نوجوان ڈکیتی مزاحمت پر قتل، تعداد 103 تک پہنچ گئی
ویب ڈیسک
|
28 Nov 2024
شہر قائد کے دو علاقوں بن قاسم اور سکھن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سکھن میں مزاحمت پر مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہوا جس کے بعد ڈاکو کو عوام نے تشدد کا نشناہ بنا کر پولیس کے حوالے کردیا۔بن قاسم واقعہ پر پولیس نے اپنی رپورٹ میں اسے ذاتی رنجش کا شاخسانہ قرار دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق بن قاسم کے علاقے گھگھر پھاٹک ویلکم ہوٹل کے قریب زین کمیونیکیشن ایزی پیسہ شاپ پر فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی جبکہ ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ مقتول کی شناخت 20 سالہ سرفراز کے نام سے کی گئی ہے اور واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا ہے۔
مقتول کے کزن نے بتایا کہ مظہر علی 2 بھائیوں میں بڑا جبکہ اس کا تعلق انتہائی غریب گھرانے سے تھا اور وہ ٹھٹھہ سے آکر گزشتہ 3 سالوں سے بھینس کالونی کے باڑے میں کام کر رہا تھا۔
انھوں نے بتایا کہ میت تدفین کے لیے آبائی علاقے لیجائی جائیگی جبکہ بھینس کالونی میں لوٹ مار کی وارداتیں تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہیں پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے شہریوں کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی پولیس چیف سے رپورٹ طلب کی اور گشت بڑھا کر شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔
Comments
0 comment