کراچی میں شدید سردی، 13 افراد جان سے گئے
Webdesk
|
7 Jan 2025
کراچی:شہر قائد میں سردی کی شدت میں اضافہ کے باعث گذشتہ ڈیڑھ ماہ میں ٹھنڈ لگنے سے 13 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ مرنے والے افراد کی لاشیں مختلف مقامات سے ملیں جو ناقابل شناخت ہیں، بیشترلاشوں کی تدفین کردی گئی،مرنے والے زیادہ تر نشئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق دسمبر 2024 سے لے کر تاحال شہر قائد میں نشے کی زیادتی کے سبب 43 افراد جاں بحق ہوئے، ان میں 42 مرد اور 1خاتون شامل ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ان جاں بحق افراد میں 13 سے زائد افراد ایسے ہیں جو ممکنہ طور ٹھنڈ لگنے کے سبب جاں بحق ہوئے ہیں،یہ جاں بحق افراد نشے کے عادی تھے ۔
اُن کا کہنا تھا کہ سردی سے بچا کے لیے ان افراد کے پاس کوئی لحاف گدا کمبل یا بستر نہیں تھا، یہ افراد ٹھنڈ سے بچنے کے لیے مقدار سے زیادہ نشہ کرتے ہیں اور اس لیے کسی پل، فٹ پاتھ یا محفوظ مقام پر جاکر سونے کی کوشش کرتے ہیں۔
چھیپا ترجمان کے مطابق سردی کے موسم میں شہر کے فٹ پاتھوں پر لاوارث اور ناقابل شناخت لاشیں ملتی ہیں، ان لاوارث میتوں کی تدفین ادارہ اپنے وسائل سے کرتا ہے۔
اس مرتبہ کراچی میں سردی زیادہ پڑرہی ہے، سیکڑوں بے گھر افراد فٹ پاتھوں، کھلے مقامات اور پلوں کے نیچے رات کو سوتے ہیں جن میں اکثریت کے پاس گرم کپڑے اور بستر کمبل و لحاف میسر نہیں ہوتا۔
چھیپا ترجمان کے مطابق مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ بے گھر افراد کو سردی سے بچانے کے لیے بستر کمبل اور لحاف عطیہ کریں، چھیپا ان بے گھر افراد کو سردی سے محفوظ بنانے کے لیے اقدام میں مصروف ہے، جس کے لیے مزید وسائل کی ضرورت ہے۔
Comments
0 comment