کراچی میں ایک اور شہری ڈکیتی مزاحمت پر بیوی بچوں کے سامنے قتل

کراچی میں ایک اور شہری ڈکیتی مزاحمت پر بیوی بچوں کے سامنے قتل

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی
کراچی میں ایک اور شہری ڈکیتی مزاحمت پر بیوی بچوں کے سامنے قتل

ویب ڈیسک

|

25 Jan 2025

شہر قائد کے ضلع وسطی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ایک اور شہری کی جان لے لی، مقتول 3 بچوں کا باپ تھا جسے ڈاکوؤں نے ملازمت پر جاتے ہوئے گھر کی دہلیز پر فائرنگ کر کے قتل کیا تھا ۔

تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مزاحمت پر جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی۔جوہر آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 15 رائیل سوئٹس کے سامنے والی گلی میں موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

مقتول کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 40 سالہ عبدالمعیض ولد عبد الحفیض کے نام سے کی گئی۔ علاقہ مکینوں کے مطابق مقتول 3 بچوں کا باپ تھا اور پی آئی ڈی سی کے قریب کمپنی میں یو پی ایس بنانے کا کام کرتا تھا۔

واقعے کے وقت مقتول آفس جانے کے لیے گھر سے نکلا ہی تھا کہ موٹرسائیکلوں پر سوار مسلحہ ڈکیت آئے اور گھر کی دہلیز پر لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر دی ، مقتول کے سر پر ایک گولی مار کر ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہوگئے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں لوٹ مار اور گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں روزانہ کی بنیاد پر ہو رہی ہیں پولیس علاقے میں گلیوں میں گشت نہیں کرتی متعدد بار تھانے میں اس حوالے سے شکایت کی تاہم توجہ نہیں دی گئی۔

ایس ایچ او جوہر آباد کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ چھینا جھپٹی کا شاخسانہ ہے تاہم علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے ابھی چیک نہیں کیے ہیں وہ چیک کرنے کے بعد حقائق سامنے آئنگے ، ایک جانب پولیس افسران شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں کمی کا دعویٰ کرتے ہیں تو دوسری جانب شہر میں دنداناتے ہوئے ڈاکو اپنی موجودگی کا بھی احساس دلا رہے ہیں جس میں شہری زخمی ہونے کے ساتھ ساتھ زندگی سے بھی محروم ہو رہے ہیں۔

 

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!